Aaj Logo

شائع 03 نومبر 2022 03:55pm

ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کا استعمال معاشرے کی بہتری کیلئے ہونا چاہیے، صدر عارف علوی

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی اسلام آباد کا دورہ کیا اور 23ویں نیشنل سیکویرٹی اینڈ وار کورس کے شرکاء سے خطاب کیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق صدر نے قومی سلامتی سے متعلق امور پر روشنی ڈالی۔

صدر مملکت کا کہنا تھا کہ بطور قوم ہمیں اپنے سماجی و ثقافتی اقدار کا تحفظ کرنا ہوگا۔

صدر علوی نے کہا کہ کورس کے شرکاء خود کوتازہ ترین پیشرفت سے باخبر رکھیں، انفارمیشن ٹیکنالوجی، مصنوعی ذہانت، مواصلاتی شعبے میں ترقی پر توجہ دینا ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ مواصلاتی ٹیکنالوجیز خصوصاً ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کا استعمال معاشرے کی بہتری کیلئے ہونا چاہیے، ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کا غلط معلومات یا جعلی پروپیگنڈے کے اوزار کے طور پر استعمال نہیں ہونا چاہیے۔

صدر نے طلباء پر زور دیا کہ وہ پرامن اور خوشحال پاکستان کیلئے سخت محنت کریں۔

صدر عارف علوی نے مستقبل کے چیلنجوں کے مطابق مستقبل کی قیادت کو معیاری تربیت فراہم کرنے پر این ڈی یو کی کوششوں کو سراہا۔

Read Comments