Aaj Logo

اپ ڈیٹ 06 نومبر 2022 02:35pm

پنجاب پولیس، پی ٹی آئی آمنے سامنے، آئی جی نے تبادلے کی درخواست کردی

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی کی جانب سے پنجاب پولیس سے متعلق نازیبا الفاظ استعمال کرنے پر آئی جی پنجاب نے اپنے تبادلے کی درخواست کردی۔

آئی جی پنجاب فیصل شاہکارنے وفاق سے اپنی تبدیلی کی درخواست کرتے ہوئے کہا کہ میری خدمات فوری طور پر واپس لی جائیں اور وفاقی حکومت کے سپرد کی جائیں۔

پی ٹی آئی رہنما شاہ محمود قریشی کی جانب سے پنجاب پولیس کی وردی کے لئے نازیبا الفاظ کا استعمال کیا گیا تھا، جس پرترجمان پنجاب پولیس کا بیان بھی سامنے آگیا۔

شاہ محمود قریشی نے اپنے خطاب میں یہ بھی کہا تھا کہ ،’آئی جی پنجاب اگر تجھ میں اتنی ہمت نہیں ہے کہ ایک ایف آئی آر اپنے ڈی پی او اور ایس ایچ او سے درج کروا سکے تو لعنت ہے تیری وردی پر۔‘

ترجمان پنجاب پولیس کا کہنا ہے کہ شاہ محمود قریشی کی طرف سے ہزاروں شہدا پولیس کی وردی کو گالی دینا شدید افسوسناک ہے ،وزیر آباد کا واقعہ افسوسناک ہے، جاں بحق اور زخمی ہونے والے تمام افراد سے ہمدردی ہے ۔

ترجمان پنجاب پولیس نے کہا کہ اِس سانحے پر سیاسی جماعت کی طرف سے الزامات کی نوعیت اور اُن کی حساسیت کے پیشِ نظر مقامی پولیس کی طرف سے انتہائی احتیاط ناقابلِ فہم نہیں،حساس قومی اور سیاسی تنازعات سے جڑے مقدمات میں احتیاط کوئی نئی بات نہیں۔

ترجمان پنجاب پولیس نے مزید کہا کہ ماضی قریب میں مختلف سیاسی اور قومی رہنماؤں کے خلاف قومی اداروں اور مذہبی جذبات کی توہین جیسے الزامات کی درخواستوں پر بھی ایسی ہی احتیاط کا مظاہرہ کیا گیا، اِن سیاسی رہنماؤں میں شاہ محمود قریشی کی پارٹی کے رہنما بھی شامل ہیں۔

ترجمان پنجاب پولیس کا کہنا تھا کہ پولیس سیاسی اور گروہی مفادات سے بالاتر ہو کر اپنے فرائض سرانجام دے رہی ہے ،حکومت سے توقع ہے کہ حکومت میں شامل جماعت کے رہنما کی طرف سے پولیس کی وردی کی توہین کا نوٹس لیا جائے گا۔

Read Comments