سیلاب سے پاکستانی معیشت کو 30 ارب ڈالر سے زائد کا نقصان ہوا، وزیراعظم

دنیا کوماحولیاتی انصاف پرتوجہ مرکوز کرنی ہوگی۔
شائع 08 نومبر 2022 05:01pm

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان میں سیلاب سے بڑے پیمانے پر نقصانات ہوئے، ملک میں 40 لاکھ ایکڑ پر کھڑی فصلیں تباہ ہوئیں۔

مصر کے شہر شرم الشیخ میں جاری کلائمیٹ امپلی منٹیشن سمٹ سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ سیلاب سے پاکستانی معیشت کو 30 ارب ڈالر سے زائد کا نقصان ہوا، دنیا کوماحولیاتی انصاف پرتوجہ مرکوز کرنی ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان ماحولیاتی تبدیلی سے متاثرہ ممالک میں سرفہرست ہے، پاکستان کاکاربن اخراج میں حصہ ایک فیصد سے بھی کم ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمیں آئندہ نسلوں کے محفوظ مستقبل کیلئے اقدامات کرنا ہوں گے، دنیا ماحولیاتی تبدیلی سے بچنے کیلئے اقدامات کرے۔

انہوں نے مزید کہا کہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں ریلیف، بحالی کا کام تیزی سے جاری ہے، متاثرین کی بحالی کیلئے ہر ممکن وسائل استعمال کر رہے ہیں۔

Read Comments