Aaj Logo

شائع 12 نومبر 2022 07:13pm

آرمی چیف کے الوداعی دورے، لاہور گیریژن میں اسکول اور ہاکی ایرینا کا افتتاح

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے لاہور گیریژن کا الوداعی دورہ کیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف نے لاہور گیریژن کے الوداعی دورے کے دوران یادگارِ شہداء پر حاضری دے کر فاتح خوانی کی اور پھول رکھے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق جنرل باجوہ نے اس دورے پر لاہور گیریژن انسٹیٹیوٹ فار اسپیشل ایجوکیشن کا افتتاح کیا اور خصوصی بچوں کے لئے اسکول میں بنائی گئی سہولیات کا جائزہ لیا۔

انٹر سروسز پبلک ریلیشنز کے مطابق آرمی چیف نے ہاکی کے جدید ارینا کا افتتاح بھی کیا اور ہاکی کے سابق کھلاڑیوں سے ملاقات کی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق اس دوران جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ پاکستان کے نوجوان ہمارا اثاثہ ہیں، کھیلوں میں بہتری کے لئے شاندار ماحول کی فراہمی اہم ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ نے بتایا کہ آرمی چیف نے دورہ لاہور گیریژن کے دوران لاہور کور اور پاکستان رینجرز پنجاب سے بھی ملاقات کی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق جنرل باجوہ نے لاہور کور اور پاکستان رینجرز پنجاب کے افسران اور جوانوں سے اپنے الوداعی خطاب کے دوران تمام تر مشکلات کے باوجود جوانوں کی فرض کی ادائیگی کی لگن اور قوم کی خدمت کے جذبے کی تعریف کی اور مادر وطن کے دفاع کے لئے ان کی پیشہ ورانہ مہارت وعزم کو سراہا۔

واضح رہے کہ اس سے قبل بھی آرمی چیف نے سیالکوٹ اور منگلا گیریژن کا الوداعی دورہ کیا جہاں انہوں نے افسروں اور جوانوں سے خطاب میں فارمیشنز کی کارکردگی کو سراہا تھا۔

Read Comments