Aaj Logo

اپ ڈیٹ 25 نومبر 2022 09:24am

ہیلی کاپٹر لینڈنگ پر تنازعے سے عمران خان کی راولپنڈی آمد غیر یقینی

اسلام آباد انتظامیہ نے عمران خان کے ہیلی کاپٹر کو پیڈ گراؤںڈ میں لینڈنگ کی اجازت نہ دینے جب کہ پی ٹی آئی کو ریلی کی مشروط اجازت دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

انتظامیہ کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق انتظامیہ کا کہنا ہے کہ 6 شرائط پر مبنی پارٹی چیئرمین کا دستخط شدہ حلف کل نامہ جمع کرائیں، حلف نامہ جمع نہ کرایا تو ریلی کے لئے اجازت نامہ منسوخ بھی ہو جائے گا۔

اسلام آباد انتظامیہ نے کہا کہ مظاہرین کے لئے روٹ پلان بھی جاری کردیا ہے جس کے تحت ریلی کے شرکاء طے شدہ روٹس پرہی موومنٹ کر سکیں گے۔

اس سے قبل راولپنڈی پریڈ گراؤنڈ میں عمران خان کے ہیلی کاپٹر اتارنے کی اجازت کے معاملے پر جنرل ہیڈ کوارٹرز (جی ایچ کیو) کے اجازت کے حوالے سے جاری خط میں کہا گیا ہے کہ پریڈ گراؤنڈ سی ڈی اے کی حدود میں آتا ہے، ہمیں آپ کے ہیلی کاپٹر کے اترنے پر کوئی اعتراض نہیں، لہٰذا اجازت کے لئے سی ڈی اے یا حکومت سے رجوع کریں۔

دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شبلی فراز کا کہنا ہے کہ پریڈ گراؤنڈ میں ہیلی کاپٹر اتارنے کی اجازت نہیں دی گئی، عمران خان کی حالت اجازت نہیں دیتی کہ وہ کسی اور طریقے سے آئیں۔

تاہم، ڈاکٹرز نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کو سفر کی اجازت دے دی ہے۔

ڈاکٹر خالد نیازی کا کہنا ہے کہ عمران خان کی ٹانگ پر لگا پلاسٹراتار دیا گیا ہے اور ان کے گھٹنے سے اوپر والے زخم تقریباً ٹھیک ہیں جب کہ گھٹنے سے نیچے کے زخم ٹھیک ہونے میں ہفتہ لگے گا۔

Read Comments