Aaj Logo

شائع 14 جنوری 2023 12:42pm

دانیہ شاہ کی درخواست ضمانت پرفیصلہ محفوظ

کراچی کی عدالت نےعامرلیاقت کی نامناسب ویڈیو لیک کرنے کے الزام میں گرفتاران کی تیسری اہلیہ دانیہ شاہ کی درخواست ضمانت پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔

دانیہ کو وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) کے سائبر کرائم ونگ نے عامرلیاقت کی نازیبا ویڈیوز لیک کرنے کے الزام میں 15 دسمبر کو لودھراں میں ان کی رہائشگاہ سے گرفتارکیا تھا۔

آج ہونے والی سماعت میں مقدمے کی مدعیہ عامر لیاقت کی صاحبزای دعائے عامربھی عدالت میں پیش ہوئیں جنہیں گزشتہ سماعت پر طلب کیا گیا تھا۔

دانیہ شاہ کے وکیل لیاقت گبول نے عدالت میں کہا کہ کیس کے اہم گواہ یاسر شامی کا بیان تک قلمبند نہیں کیا گیا۔ ایف آئی اے نے تاحال کیس کا حتمی چالان تک پیش نہیں کیا۔ میری موکلہ کو ایک جھوٹے کیس میں پھنسا کر جیل بھیجا گیا۔

عامرلیاقت کی صاحبزادی اور کیس میں مدعی دعائےعامرکے وکیل ضیاء اعوان نے کہا کہ ملزمہ کو سزا دلانے کیلئے ہمارے پاس کافی شواہد موجود ہیں۔

وکیل نے عدالت سے استدعا کی کہ ملزمہ دانیہ شاہ عدالتی ریمانڈ پر جیل میں ہے، یہ ایک مثالی کیس ہے ملزمہ کو ضمانت نہ دی جائے۔

تمام فریقین کے دلائل مکمل ہونے کے بعد عدالت نے دانیہ کی درکواست ضمانت پرفیصلہ محفوظ کرلیا جو 18جنوری کو سنایا جائے گا۔

واضح رہے کہ جوڈیشل مجسٹریٹ شرقی نے 23 دسمبر کو دانیہ شاہ کی ضمانت مسترد کردی تھی جس کے بعد دانیہ شاہ عدالتی ریمانڈ پر جیل میں ہیں۔

اس سے قبل جوڈیشل مجسٹریٹ شرقی کی جانب سے دانیہ شاہ کو 17 دسمبر کو جیل بھیجنے کا حکم دیا گیا تھا۔

Read Comments