ہمیں احتجاج پرمجبور نہ کریں کہ پوراملک سوالیہ نشان بن جائے، حافظ نعیم

"الیکشن کمیشن صوتحال کا نوٹس لے"
اپ ڈیٹ 16 جنوری 2023 03:09pm

حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ کہ نتائج میں گڑ بڑ کرنے کی کوشش کی جارہی ہے، ہمیں احتجاج پرمجبورنہ کریں کہ پورا ملک سوالیہ نشان بن جائے، میئر کو آنے سے روکا گیا تو تمام آپشنز استعمال کریں گے۔

ادارہ نور حق میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم نے کہا کہ جنہوں نے ووٹ دیا ان کا شکریہ ادا کرتا ہوں اکثریت کو کم کرنے کی سازشیں ہورہی ہیں ہم سب کو ساتھ لیکر چلیں گے یہ ساتھ ایک مضبوط رشتہ میں بدل جائے گا۔

ان کہنا تھا کہ جماعت اسلامی 100 کے قریب نشستوں پر کامیاب ہوچکی ہے، ہم سادہ اکثریت کی طرف جارہے ہیں، فارم 11 بڑی مشکل سے حاصل کئے، ریٹرننگ آفیسر نتیجہ روک کر بیٹھے ہیں، نتائج میں گڑ بڑ کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔

حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ نتائج تیار ہیں لیکن یہ لوگ کیا کررہے ہیں نتیجہ تبدیل کرنے والے ریٹرننگ آفیسرز کے ہاتھ روکے جائیں، اگرنتیجہ بدل دیں گے تو ہم کہاں جائیں گے جماعت اسلامی کے میئر کو آنے سے روکا گیا تو تمام آپشنز استعمال کریں گے۔

Read Comments