Aaj Logo

شائع 18 جنوری 2023 11:27am

سپریم کورٹ کی بریسٹ کینسر اور امراض قلب سے متعلق آگاہی مہم کی ہدایت

سپریم کورٹ آف پاکستان نے بریسٹ کینسر اور امراض قلب سے متعلق آگاہی مہم کی ہدایت کر دی۔

چیف جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے 3رکنی بینچ نے بریسٹ کینسر اورامراض قلب سے متعلق از خود نوٹس کی سماعت کی۔

عدالت نے بریسٹ کینسر اور امراض قلب سے متعلق آگاہی مہم کی ہدایت کرتے ہوئے ایڈیشنل اٹارنی جنرل کو دونوں امراض سے بچاؤ کی آگاہی مہم پر حکومت سے ہدایات لینے کا حکم دے دیا۔

جسٹس عائشہ ملک نے استفسار کیا کہ بلوچستان اور سندھ نے رپورٹ جمع کرادی ہے، جس پر ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے بتایا کہ کے پی کے اور پنجاب کی رپورٹ نہیں آئی۔

جسٹس عائشہ ملک نے کہا کہ ڈریپ وفاق کا ادارہ ہے، وفاقی حکومت دونوں امراض سے متعلق آگاہی مہم چلائے۔

ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے کہا کہ امراض سے متعلق آگاہی محکمہ صحت کی طرف شروع کی جاتی ہے، مجھے وفاق سے ہدایات لینے دیں۔

بعدازاں عدالت عظمیٰ نے کیس کی مزید سماعت ملتوی کردی۔

Read Comments