عمران خان 33 نشستوں پر اکیلے 13جماعتوں کا مقابلہ کریں گے، بابر اعوان

فواد چوہدری کیس میں انسانی حقوق کی دھجیاں اڑائی جارہی ہیں، وکیل پی ٹی آئی
شائع 30 جنوری 2023 11:51am

پاکستان تحریک انصاف کے وکیل بابر اعوان کا کہنا ہے کہ حکیموں نے جڑی بوٹیوں سے 13 جماعتوں کا متنجن بنایا، عمران خان 33 نشستوں پر اکیلے 13جماعتوں کا مقابلہ کریں گے۔

اسلام آباد کی مقامی عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بابر اعوان نے کہا کہ فوادچوہدری کو پہلے لاہور سے اغواء کیا گیا تھا، جلدی میں انصاف کیا جائے تو انصاف کچلا جاتا ہے، بغیر نوٹس کے فواد چوہدری کے خلاف پٹیشن حیران کن ہے۔

وکیل پی ٹی آئی نے کہاکہ اس وقت افسوسناک سے زیادہ تشویشناک صورتحال ہے، فواد چوہدری کو تیسری بار اغواء کیا گیا ، عدالت اور وکیل کو پتہ ہی نہیں کہ فواد چوہدری کہاں ہے، جس کے لئےعام تعطیل دی گئی وہ بھی نہیں پہنچ سکا۔

انہوں نے مزید کہا کہ فواد چوہدری اپنے بیان کو تسلیم کرتے ہیں، فواد چوہدری کا حوصلہ نہیں ٹوٹے گا، فواد چوہدری کیس میں انسانی حقوق کی دھجیاں اڑائی جارہی ہیں۔

بابر اعوان کا کہنا تھا کہ عمران خان نے 13جماعتوں کو چیلنج کیا ہے، حکیموں نے جڑی بوٹیوں سے تیرہ جماعتوں کا متنجن بنایا، عمران خان 33 نشستوں پر اکیلے 13جماعتوں کا مقابلہ کریں گے۔

Read Comments