”ملک میں پٹرولیم مصنوعات کی کوئی قلت نہیں“ - آئل مارکیٹنگ کمپنیز ایسوسی ایشن

پٹرول کی قیمت بڑھنے کی افواہوں پر مصنوعی قلت کی گئی، چیئرمین طارق وزیر
شائع 09 فروری 2023 02:13pm

آئل مارکیٹنگ کمپنیز ایسوسی ایشن آف پاکستان کے چیئرمین طارق وزیرعلی نے کہا ہے کہ ملک میں اس وقت پیٹرولیم مصنوعات کی نہ تو کوئی قلت ہے نہ ہی آنے والی ہے۔

چیئرمین طارق وزیر علی نے کہا ہے کہ ملک بھر میں 33 آئل مارکیٹنگ کمپنیاں کام کر رہی ہیں اور ان کے پاس 20 دن کا اسٹاک موجود ہے، ایسے پیٹرول پمپ بہت کم ہیں جہاں پیٹرول کم ہو، باقی سب پمپس پر پیٹرول وافر مقدار میں موجود ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ماہانہ سات لاکھ ٹن پیٹرولیم مصنوعات کی ضرورت ہوتی ہے، جو پیٹرول پمپس پیٹرول نہیں دے رہے ان کے خلاف کاروائی کی جائے گی۔

چیئرمین آئل مارکیٹنگ کمپنیز ایسوسی ایشن نے کہا کہ پیٹرول کی قیمتیں نہیں بڑھ رہیں، پیٹرول کی قیمت بڑھنے کی افواہوں پر مصنوعی قلت کی گئی ہے۔

Read Comments