Aaj Logo

شائع 06 مارچ 2023 01:20pm

جسٹس مظاہر نقوی کیخلاف سپریم جوڈیشل کونسل میں نئی درخواست دائر

جسٹس مظاہر نقوی کے خلاف سپریم جوڈیشل کونسل میں نئی درخواست دائر کردی گئی۔

سپریم کورٹ کے جسٹس مظاہر نقوی کو کیسز کی سماعت سے روکنے کے لئے میاں داؤد ایڈووکیٹ نے 2 صفحات پر مشتمل درخواست سپریم جوڈیشل کونسل میں دائر کی۔

مزید پڑھیں: جسٹس مظاہر نقوی کے خلاف سپریم جوڈیشل کونسل میں شکایت درج

درخواست میں جسٹس نقوی کے خلاف ریفرنس کی فوری سماعت اور عدالتی امور واپس لینے کی استدعا کی گئی ہے۔

درخواست کی نقول سپریم جوڈیشل کونسل کے دیگر 4 ممبران کو بھی ارسال کی گئی ہے۔

درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ جسٹس مظاہرنقوی کے خلاف ریفرنس سپریم جوڈیشل کونسل میں زیرالتواء ہے، وہ ابھی بھی مقدمات کی سماعت کر رہے ہیں، پورے ملک سے جسٹس نقوی کے احتساب پرآوازیں اٹھ رہی ہیں۔

مزید پڑھیں: جسٹس مظاہر علی اکبر نقوی کیخلاف جوڈیشل ریفرنس کی نقول باقی 4 ممبران کو بھی ارسال

درخواست میں مزید کہا گیا کہ چیف جسٹس کا جسٹس نقوی کو بینچوں میں شامل کرنا انصاف کے اصولوں کی خلاف ورزی ہے، چیف جسٹس کے اقدام سے جسٹس نقوی کی پشت پناہی کرنے کا پیغام گیا۔

درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ ریفرنس کے فیصلے تک جسٹس نقوی کوکسی بھی بنچ میں شامل نہ کیا جائے۔

Read Comments