Aaj Logo

شائع 10 مارچ 2023 03:43pm

بیوی کی محبت میں زندگی داؤپرلگانے والا شوہرمثال بن گیا

شوہر اور بیوی کے درمیان جتنی زیادہ محبت اور ہم آہنگی ہو، یہ تعلق اتنا ہی مضبوط ہوتا ہے۔ فلپائن سے تعلق رکھنے والے شخص نے اہلیہ کی جان بچانے کے لئے اسے اپنا گردہ عطیہ کردیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق 38 سالہ فریڈرک ویلینٹ نے ابوظہبی کے برجیل میڈیکل سٹی میں 8 گھنٹے کی ایک پیچیدہ لائیو ٹرانسپلانٹیشن سرجری کے بعد اپنی 37 سالہ بیوی ماریہ تھریسا کورونیل کو گردہ عطیہ کردیا۔

فریڈرک اور ماریہ کی شادی کو تقریباً 8 برس کا عرصہ بیت چکا ہے اور دونوں کے دو بچے ہیں، یہ جوڑا گزشتہ 10 برس سے شارجہ میں مقیم ہے۔

جوڑے کے لئے گزشتہ سال کافی مشکل تھا کیونکہ گردے کی بیماری کی وجہ سے خاتون کو ہفتے میں 3 بارڈائیلاسز کےعمل سے گذرنا پڑتا تھا، جس کے بعد جوڑے نے ڈاکٹرسے مشاورت کرکے گردہ ٹرانسپلانٹ کروانے کا فیصلہ کیا۔

ڈاکٹروں کے کہنے پرماریہ نے ایسے شخص کی تلاش شروع کردی، جو اسے اپنا گردہ عطیہ کرسکے۔ اس دوران ماریہ کی بھانجی نے اپنا گردہ دینے کا فیصلہ کیا لیکن کچھ طبی وجوہات کے باعث ایسا ممکن نہیں ہوسکا۔

بالآخربیوی کی تکلیف کو دیکھتے ہوئے شوہ نے اپنا گردہ عطیہ کرنے کا فیصلہ کیا، پھرطبی معیارات کی جانچ پڑتال کے بعد پیچیدہ سرجری کرکے ڈاکٹروں کی ٹیم نے کامیابی کے ساتھ گردے کا ٹرانسپلانٹ کیا۔

دوسروں کیلئے مثال قائم کرنے والے فریڈرک کاکہنا ہے کہ میں اپنی بیوی سے بہت پیارکرتا ہوں اور اس کے لئے کچھ بھی کرسکتا ہوں، میں نے وہی کیا جو کوئی بھی شوہر کرے گا۔ خوشی ہے کہ میں نے گردہ عطیہ کرکے اپنی بیوی کو نارمل زندگی دی۔

Read Comments