Aaj Logo

اپ ڈیٹ 14 مارچ 2023 06:28pm

عمران کی استدعا مسترد، وارنٹ منسوخی کی درخواست کل سماعت کیلئے مقرر

توشہ خانہ کیس میں عمران خان کے وارنٹ منسوخ کرنے کی درخواست کی آج سماعت کی استدعا مسترد کردی گئی ہے۔

عمران خان کی درخواست اعتراضات کے ساتھ کل سماعت کے لئے مقرر کردی گئی ہے، چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ جسٹس عامر فاروق کل درخواست پر سماعت کریں گے۔

عمران خان کی لیگل ٹیم نے ان کے وارنٹ گرفتاری منسوخ کرنے کی درخواست دائر کی جس میں سابق وزیراعظم کے وارنٹ منسوخ کرنے کی استدعا کی گئی ہے۔

اس سے قبل سابق وفاقی وزیر اور رہنما پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ عمران خان کی وارنٹ گرفتاری عدالت مین چیلنج کردیئے ہیں۔

ٹوئٹر پر جاری پیغام میں فواد چوہدری نے لکھا کہ عمران خان کی وارنٹ گرفتاری چیلنج کردیئے ہیں، کچھ دیر میں سماعت کا امکان ہے، شبلی فراز اور بیرسٹر گوہر اسلام آباد ہائیکورٹ پہنچ گئے۔

مریم نواز کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ ہمیں پتہ ہے آپ کو لاشیں چاہئیں لیکن ایسا کچھ نہی ہوگا، وارنٹ پر بنی گالا کا ایڈریس ہے زمان پارک کا نہیں، لہٰذا پہلے عدالت جاکر پتہ ٹھیک کروائیں۔

یہ بھی پڑھیں: عمران خان کی ممکنہ گرفتاری : زمان پارک میدان جنگ بن گیا

خیال رہے کہ مریم نواز نے اپنی ٹویٹ میں لکھا کہ زمان پارک میں کسی اہلکار کو گزند پہنچی تو عمران ذمہ دار ہوگا، قوم کے بیٹے فالتو نہیں، وہ اپنا فرض نبھا رہے ہیں۔

واضح رہے کہ اسلام آباد پولیس کی ٹیم توشہ خانہ کیس میں عمران خان کی گرفتاری کے لئے زمان پارک پہنچی تو پی ٹی آئی کارکنان سامنے آگئے، اور زمان پارک میدان جنگ بن گیا ہے۔

Read Comments