سکیورٹی فورسز کی گاڑی بارودی سرنگ سے ٹکرا گئی، دو جوان شہید

دہشت گردی کے قلع قمع کے لئے علاقے میں آپریشن جاری ہے، آئی ایس پی آر
شائع 08 اپريل 2023 08:31pm

ضلع خیبر کےعلاقے باڑہ میں سکیورٹی فورسز کی گاڑی بارودی سرنگ سے ٹکرانے کے نتیجے میں دو جوان شہید ہوگئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر) کے مطابق ضلع خیبرکے علاقے باڑہ میں دوران گشت سکیورٹی فورسز کی گاڑی بارودی سرنگ سے ٹکرا گئی، جس کے نتیجے میں نائب صوبیدار حضرت گل اور سپاہی نذیر اللہ محسود شہید ہوگئے۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ ہمارے جوانوں کے شہادتیں ہمارے عزم کو تقویت دیتی ہیں، دہشت گردی کے قلع قمع کے لئے علاقے میں آپریشن جاری ہے جب کہ فورسز دہشت گردی کی لعنت کو جڑ سے اکھاڑنے کے لیے پرعزم ہیں۔

Read Comments