Aaj Logo

شائع 12 اپريل 2023 07:50pm

پیپلز پارٹی کا وزیر مملکت مصدق ملک کو عہدے سے ہٹانے کا مطالبہ

پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) نے وزیر مملکت برائے پیٹرولیم و قدرتی وسائل اور ایم ڈی سوئی سدرن کو عہدوں سے ہٹانے کا مطالبہ کردیا۔

ایک بیان میں رہنما پی پی سینیٹر وقار مہدی نے کہا کہ سندھ گیس کے بدترین بحران سے گذر رہا ہے، صوبے میں گیس کی فراہمی کو بحال کیا جائے، ورنہ مملکتی وزیر اور ایم ڈی سوئی سدرن کو عہدوں سے ہٹایا جائے۔

وقار مہدی نے کہا کہ کراچی سے کشمور تک خصوصاً گھریلو صارفین گیس کی بندش کے باعث سخت اذیت کا شکار ہیں، رمضان کے دو عشرے عوام نے سخت عذاب میں گذارے ہیں۔

پی پی رہنما کا مزید کہنا تھا کہ ملک کو 70 فیصد گیس فراہم کرنے والے صوبے کو اپنے ہی قدرتی وسائل سے محروم کر دیا گیا ہے، وزیراعظم سے گزارش کی ہے کہ وہ وزیر مملکت سے بازپرس کریں۔

ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کے دور کے ایم ڈی سوئی سدرن گیس کو وزیرِ مملکت مصدق ملک نے اپنی آنکھوں کا تارا بنایا ہوا ہے۔

Read Comments