Aaj Logo

اپ ڈیٹ 26 اپريل 2023 08:26pm

کابینہ نے پنجاب الیکشن کیلئے 21 ارب دینے کی سمری دوبارہ پارلیمنٹ بھیجنے کی منظوری دیدی

وفاقی کابینہ نے پنجاب انتخابات کے حوالے سے الیکشن کمیشن کو 21 ارب روپے کی وزارت خزانہ کی سمری ایک بار پھر پارلیمنٹ کو ریفر کرنے کی منظوری دے دی۔

وزیراعظم شہباز شریف کی زیرِ صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس پی ایم ہاؤس اسلام آباد میں منعقد ہوا۔

اعلامیے کے مطابق وفاقی کابینہ کے اجلاس میں سوات کے علاقے کبل میں کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ پولیس اسٹیشن میں ہوئے واقعہ کے نتیجے میں قیمتی جانی نقصان پر گہرے دکھ اور رنج کا اظہار کیا گیا اور شہداء کے لیے فاتحہ خوانی اور حادثے میں زخمی ہونے والے افراد کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی گئی۔

وزیراعظم نے وفاقی وزارت داخلہ کو کبل سوات کے سی ٹی ڈی اسٹیشن میں ہونے واقعہ کی تحقیقات میں وفاقی حکومت کا نمائندہ شامل کرنے کی ہدایت کی۔

شہباز شریف نے مزید ہدایت کی کہ پشاور پولیس لائن دھماکے میں شہید ہونے والوں کو جو پیکج دیا گیا اسی طرز پر شہداء پیکج کبل واقعہ میں شہید ہونے والوں کی بھی دیا جائے۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ کابینہ نے پنجاب اور خیبر پختونخواہ کے عام انتخابات کے لئے الیکشن کمیشن آف پاکستان کو 21 بلین روپے کی فراہمی کے حوالے سے وزارت خزانہ کی سمری کو پارلیمنٹ کو ریفر کرنے کی منظوری دے دی۔

وفاقی کابینہ نے سرمایہ کاری بورڈ کی سفارش پر انویسٹ پاکستان کے لیے قانون سازی کرنے کی منظوری دے دی۔

اس قانون سازی کے ذریعے سرمایہ کاری بورڈ کے تحت انویسٹ پاکستان کا دفتر قائم کیا جائے گا جو کہ پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ میں کام کرے گا۔ مذکورہ قانون سازی سرمایہ کار دوست سروسز کی فراہمی کو یقینی بنانے میں مدد دے گی۔

وفاقی کابینہ نے وزارت بحری امور کی سفارش پر اِن لینڈ ریوینو سروس کے گریڈ21 کے افسر سیدین رضا زیدی کو ڈیپوٹیشن کی بنیاد پر کراچی پورٹ ٹرسٹ کا چیئرمین تعینات کرنے کی منظوری دے دی۔

کابینہ نے اقتصادی رابطہ کمیٹی کے 13 اپریل 2023 کو منعقد ہونے والے اجلاس میں کیے گئے فیصلوں کی توثیق کردی۔ان فیصلوں میں جنوبی وزیرستان کے انگور اڈا کسٹم اسٹیشن کو افغانستان اور وسطی ایشیائی ریاستوں کے لیے ایکسپورٹ لینڈ روٹ ڈیکلئیر کرنے کی منظوری شامل ہے۔

مزید برآں انہی فیصلوں میں ماحول دوست الیکٹرک بائیکس اور الیکٹرک رکشاز کا استعمال عام کرنے کے لئے فنانسنگ فسیلیٹی کی منظوری بھی شامل ہے جس کے تحت 5 لاکھ روپے کا قرضہ پرائم منسٹر یوتھ بزنس اینڈ ایگرکلچر لون اسکیم کے ذریعے صفر فیصد مارک اَپ پر دستیاب ہوگا۔

Read Comments