Aaj Logo

شائع 30 اپريل 2023 09:46pm

اپنے بیٹے اور عزیر کو بلا کر آڈیو لیک سے متعلق پوچھا، جسٹس (ر) ثاقب نثار

سابق چیف جسٹس ثاقب نثار نے اپنے بیٹے کی آڈیو لیک سے متعلق ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ میرے بیٹے کی ایک آڈیو ٹھیک ہے اور ایک میں وائس مکس کی گئی ہے۔

آج نیوز سے گفتگو میں سابق چیف جسٹس نے کہا کہ اپنے بیٹے اور عزیر کو بلا کر پوچھا، بیٹے نے پیسوں کے حوالے سے بات کو غلط قرار دیا۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز سابق چیف جسٹس ثاقب نثار کے بیٹے نجم ثاقب اور پی ٹی آئی امیدوار ابوذر کی آڈیو کال سامنے آئی تھی، ابوذر نے سابق چیف جسٹس کے بیٹے کو کہا تھاکہ آپ کی کوششیں رنگ لے آئیں، بس جلدی سے ٹکٹ چھپوا دیں۔

نجم ثاقب نے کہا تھا کہ بس بابا کا شکریہ ادا کرنے اور انہیں جپھی ڈالنے آجانا، دوسری کال میں نجم ثاقب نے میاں عزیر سے مبینہ طور پر کہا تھا کہ ایک کروڑ بیس لاکھ سے کم نہ لینا، میری بات نہیں مانی تو میں تم سے بات نہیں کروں گا۔

ثاقب نثار نے اپنے بیان میں کہا کہ خواجہ آصف اپنے دل کا غبار نکال لیں میں کچھ نہیں کہنا چاہتا، خواجہ آصف جو مرضی بات کریں مجھ میں برداشت ہے میں کوئی جواب نہیں دینا چاہتا۔

خواجہ آصف نے آج سیالکوٹ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا تھا کہ آڈیو لیکس کے ذریعے اہم انکشافات سامنے آئے ہیں، اور ان آڈیوز سے ثاقب نثار کا خاندان اور پی ٹی آئی بے نقاب ہوئی ہے، سابق چیف جسٹس نے تسلیم کیا کہ بیٹے کی آواز اصل ہے، ثاقب نثار نوازشریف دشمنی میں بہت آگے نکل گئے ہیں، آڈیو لیکس میں ملاقات کے ریٹ سامنے آئے ہیں۔

Read Comments