Aaj Logo

شائع 10 مئ 2023 01:55pm

شوہرکےغم میں نڈھال کتاب لکھنے والی اہلیہ ہی قاتل نکل آئی

امریکی ریاست یوٹاہ میں شوہر کی موت کے بعد اپنے غم کا اظہارکرنے کے لیے کتاب لکھنے والی 3 بچوں کی ماں ہی شریک سفر کو قتل کرنے کے جُرم میں ملوث نکلی۔

غیرملکی میڈیا کے مطابق شوہر ایرک رچنزکے قتل کے الزام میں گرفتار کی جانے والی 33 سالہ کوری رچنزپر شوہر کو فینٹانائل زہر دے کر ہلاک کرنے کا الزام ہے۔

استغاثہ کے مطابق خاتون نے گزشتہ سال مارچ کے مہینے میں رات کو کال کرکے اپنے شوہر کی موت سے متعلق بتایا تھا۔

خاتون نے پولیس کو بتایا انہوں نے اپنے گھر کی فروخت کرنے پر جشن کا اہتمام کیا تھا اور وہ شوہر کو ایک مشروب دے کراپنے تینوں بچوں کو سُلانے کے لئے چلی گئیں تھیں۔ جب وہ اپنے شوہر کے پاس واپس آئیں تو ان کی سانس بند ہوتی دیکھیں اور فوری طور پر ایمرجنسی سروسز کو کال کرکے اطلاع دی۔

بعدازاں جب خاتون کے شوہر ایرک رچنز طبی معائنہ کیا، تو معلوم ہوا ہے کہ ان کے جسم میں فینٹانائل کافی مقدار میں پایا گیا۔ یہ ایسی نشہ آور دوا ہے جو بطور تفریح لطف اندوز ہونے کیلئے بھی استعمال کی جاتی ہے۔

پولیس نے خاتون سے تحقیقات اور اُن کے نامعلوم شناسا کے فینٹانائل نامی دوا فروخت کرنے کے بیان کے بعد خاتون پر فرد جرم عائد کی۔

مقتول شوہر کے اہل خانہ نے پولیس کو بیان دیا کہ ایرک رچنز کے قتل کے کچھ عرصے بعد ہی انہیں کوری پر شک ہوگیا تھا اور ایرک بھی اپنی زندگی میں پہلے ہی کہہ چکا تھا کہ مجھے کچھ بھی ہوا تو ذمہ دار میری بیوی ہوگی۔

Read Comments