کور کمانڈر کا یونیفارم لہرانے والا زمان پارک میں مقیم تھا، دوران تفتیش انکشافات

یاسمین راشد اور اعجازچوہدری نے کارکنان کو کورکمانڈر ہاؤس جانے کا کہا، ملزم جان محمد
اپ ڈیٹ 23 مئ 2023 12:39pm

کور کمانڈر ہاؤس پر حملہ کرنے والے مرکزی ملزم جان محمد نے اعترافی بیان میں بتایا کہ عمران خان نے ہی منصوبہ کی تھی کہ اگر انہیں گرفتار کیا گیا تو کیا کرنا ہے۔

9 مئی کو شرپسندی اورکور کمانڈر کے یونیفارم کی بے حرمتی کرنے والے تحریک انصاف کے گرفتار کارکن نے اعتراف جرم کرتے ہوئے ہوشربا انکشافات کیے ہیں، اور بتایا ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی کی ممکنہ گرفتاری کے بعد کی منصوبہ بندی کے حوالے سے خود عمران خان نے آکر بتایا تھا۔

جان محمد نامی شرپسند لاہور میں واقع کورکمانڈر ہاؤس حملہ میں ملوث تھا اور اس نے آرمی یونیفارم کی تضحیک بھی کی تھی۔

جان محمد نے اپنے اعترافی بیان میں بتایا کہ اس کا تعلق ضلع مہمند سے ہے، اور وہ زمان پارک کیمپس میں مہمند باجوڑ کیمپ کا حصہ تھا۔

گرفتار ملزم نے بتایا کہ ہمارا کام عمران خان کوگرفتاری سے بچانا تھا، اس حوالے سے خود عمران خان نے کارکنان کے ساتھ میٹنگ کی اورمنصوبہ بندی کی کہ اگر مجھے گرفتار کیا گیا تو یہ یہ کرنا ہے۔

جان محمد کے مطابق جب عمران خان کو گرفتار کرلیا گیا تو شیخ امتیاز نے تمام کارکنان کو کینٹ کی طرف مارچ کرنے کا کہا، جب کہ یاسمین راشد اور اعجازچوہدری نے تمام کارکنان کو کور کمانڈر ہاؤس جانے کا کہا۔

جان محمد نے بتایا کہ قیادت کا حکم ملتے ہی کور کمانڈر ہاؤس میں توڑ پھوڑ کی گئی اور اس دوران مجھے یونیفارم ملا، میں نے کورکمانڈر کی شرٹ پہن لی اور عمران خان کے بھانجے حسان نیازی نے پینٹ پکڑ لی، جب کہ ایک گروپ آرمی اسٹور اور پی ایس او پٹرول پمپ پر لوٹ مارکرتا رہا۔

جان محمد نے اعتراف کیا کہ واقعے کے بعد کور کمانڈر کے یونیفارم کی شرٹ جلا دی۔

Read Comments