Aaj Logo

اپ ڈیٹ 25 مئ 2023 11:35pm

فتنے کے خاتمے کیلئے سپہ سالار اور افواج پاکستان کے ساتھ ہیں، وزیراعظم

وزیراعظم شہباز شریف نے راولپنڈی میں آرمی قبرستان کا دورہ کیا ہے۔

شہباز شریف کی آمد پر آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے ان کا استقبال کیا۔ وزیر دفاع خواجہ آصف، وزیر خزانہ اسحاق ڈار اور مریم اورنگزیب بھی شہباز شریف کے ہمراہ تھیں۔

وزیراعظم نے دورہ آرمی قبرستان کے موقع پر یادگار شہداء پر پھول رکھے اور فاتحہ خوانی بھی کی۔

آرمی قبرستان میں منعقدہ دعائیہ تقریب سے خطاب میں شہباز شریف کا کہنا تھا کہ اللہ نے شہداء کی تکریم حوالے سے احکامات دیئے، شہداء کی بےحرمتی کرنے والوں نے اللہ کو ناراض کیا اور وہ قوم کے سامنے مجرم ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم فتنے کے خاتمے کے لئے سپہ سالار اور افواج پاکستان کے ساتھ ہیں جو فتنے کے خاتمے کے لئے تمام توانائیاں بروئے کار لا رہے ہیں۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ شہداء نے پاکستان کے ایک ایک انچ کی حفاظت کی، انہوں نے ملک کے لئے دشمن سے جنگ لڑی اور جانیں قربان کیں اور آج شہداء کی وجہ سے ہی قائد کا پاکستان محفوظ ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ وطن کے لئے قربانی دینے والے عظیم ماؤں کے عظیم بیٹے ہیں جنہیں سلام عقیدت پیش کرتے ہیں۔

9 مئی کے واقعات پر وزیراعظم نے کہا کہ اس دن ایک لیڈر کے بہکانے پر جھتے نے بےحرمتی کی، تاریخ کبھی 9 مئی کو نہیں بھلا پائے گی، البتہ ان دہشت گردوں کا قانون کے مطابق صفایا کیا جائے گا۔

Read Comments