Aaj Logo

شائع 28 مئ 2023 12:37pm

پی ڈی ایم سرکار اخلاقیات نام کی کسی شے سے واقف نہیں، عمران خان

چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے رانا ثنااللہ کو سند یافتہ مجرم کہتے ہوئے کہا کہ اس کی پریس کانفرنس کے بعد سارے شکوک و شبہات دور ہو جانے چاہیے۔

وزیرداخلہ رانا ثنااللہ کی پریس کانفرنس پر شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کا کہنا تھا کہ اگر کسی کو جیلوں میں خواتین کے ساتھ بدسلوکی کیے جانے کی اطلاعات پر کوئی شک تھا تو اب اس سند یافتہ (سرٹیفائیڈ) مجرم کی اس پریس کانفرنس کے بعد سارے شکوک و شبہات دور ہو جانے چاہیے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنی ٹویٹ میں عمران خان نے کہا کہ یہ شخص یقینی طور پر ان خوفناک کہانیوں کو (ایک سازش کے جواز میں) چھپانے اور قبل از وقت ان کا پردہ چاک کرنے کی آڑ میں ذمہ داری سے فرار کی کوششیں کررہا ہے، جو عنقریب منظرِ عام پر آنے والی ہیں۔

پی ٹی آئی چیئرمین نے کہا کہ نہایت واجب الاحترام خواتین کو آج سے پہلے ریاست نے کبھی اس طرز کی بدسلوکی اور ہراسگی کا نشانہ نہیں بنایا جیسے پر امن احتجاج کے اپنے بنیادی حق کے استعمال کی پاداش میں انہیں اس فسطائی حکومت کی جانب سے بنایا جا رہا ہے۔

عمران خان نے رہنماؤں کے گھروں پر چھاپوں پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ عمر ایوب اور شہزاد اکبر جو اس وقت ملک میں نہیں ہیں ان کے گھروں میں بھی رات کے وقت چھاپے مارے گئے۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ آج ہم تاریک دور میں رہ رہے ہیں، جس میں آئین اور عدالتی فیصلوں کی کھلم کھلا خلاف ورزیاں کی گئیں، بغیر وارنٹ کے گھروں کو توڑا گیا اور توڑ پھوڑ کی گئی، میڈیا کو دبایا گیا اور ہمارے بنیادی حقوق کا تحفظ کرنے والا کوئی نہیں۔

عمران خان نے پی ٹی آئی رہنما علی نواز کو مبینہ طور پر منہدم کرنے کے واقعے کی بھی شدید مذمت کی اور کہا کہ حکام کی جانب سے علی نواز اعوان کی رہائشگاہ کو منہدم کرنے اور ان کے گھر کے مرکزی دروازے کو گرانے کیلئے کی جانے والی افسوسناک اور نہایت بزدلانہ کارروائی ہوئی جس کی شدید مذمت کرتا ہوں۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ علی نواز کی ضعیف والدہ اور ان کی ہمشیرہ جن کا شمار خصوصی افراد میں ہوتا ہے، معذوری کے باعث اس رہائشگاہ میں مقیم ہیں۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے مزید کہا کہ اب تک کے اقدامات سے یہ تو ثابت ہوتا ہے کہ پی ڈی ایم (PDM) سرکار اخلاقیات نام کی کسی شے سے واقف نہیں مگر کم از کم اللہ کے غضب سے تو ڈرے، جسے یہ اپنے ان فسطائی اقدامات کے ذریعے دعوت دے رہے ہیں۔

Read Comments