Aaj Logo

شائع 01 جون 2023 03:55pm

دودھ کے عالمی دن پر عوام کیلئے قیمت میں اضافے کا تحفہ

کراچی کے شہریوں کو دودھ کے عالمی دن پر قیمت میں اضافے کا تحفہ دے دیا گیا۔

ڈیری اینڈ کیٹل فارمرز ایسوسی ایشن نے ایک بار پھر تازہ دودھ کی قیمت میں ازخود 10 روپے فی لیٹر اضافہ کردیا، جس کے بعد کراچی کے بعض مقامات پر دودھ کی قیمت 220 روپے فی لیٹر ہوگئی۔

ایک ٹویٹ میں ایسوسی ایشن نے اعلان کیا کہ دودھ کے عالمی دن کے موقع پر کراچی میں دودھ کی قیمتوں میں 10 روپے فی لیٹر کا اضافہ کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ کمشنر کراچی نے دودھ کی فی لیٹر قیمت 180 روپے مقرر کر رکھی ہے، اس کے باوجود شہر میں دودھ 210 روپے فی لیٹر فروخت ہو رہا ہے۔

قیمت میں اضافے کے حوالے سے صدر ڈیری فارمرز ایسوسی ایشن شاکر گجر نے کہا کہ دو روز قبل کمشنر کراچی سے دودھ کی قیمتوں پر بات ہوئی تھی۔

شاکر گجر کا کہنا تھا کہ دودھ کی قیمت کا تخمینہ 220 روپے فی لیٹر سے زیادہ ہے، ابھی بھی اس کی لیٹر قیمت دس روپے کم ہے، لہٰذا فی لیٹر دودھ کی قیمت 230 روپے ہونی چاہیے۔

Read Comments