Aaj Logo

شائع 21 جون 2023 08:33pm

امریکی صدر بھارتی وزیر اعظم مودی کو انسانی حقوق پر ’لیکچر‘ نہیں دیں گے، وائٹ ہاوس

وائٹ ہاؤس کا کہنا ہے کہ بائیڈن مودی کو انسانی حقوق پر ’لیکچر‘ نہیں دیں گے۔

وائٹ ہاؤس کے قومی سلامتی کے مشیر جیک سلیوان نے صحافیوں سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ امریکی صدر بائیڈن سے بھارت میں جمہوری پسپائی اور مسلمانوں اور دیگر اقلیتوں پر حملوں کے بارے میں امریکی خدشات سامنے آنے کی توقع ہے، لیکن وہ مودی کو اس موضوع پر لیکچر نہیں دیں گے۔

سلیوان نے کہا بھارت میں سیاست اور جمہوریت کا تعین بھارت نے ہی کرنا ہے۔ اس کا تعین امریکہ نہیں کرے گا-

واضح رہے کہ امریکی صدر بائیڈن اپنے ساتھی ڈیموکریٹس کے دباؤ میں ہیں کہ وہ مودی کے ساتھ انسانی حقوق کی بات کریں۔ ایوان نمائندگان اور سینیٹ کے 70 سے زیادہ ڈیموکریٹس نے بائیڈن کو ایک خط لکھا، جس میں ان پر زور دیا گیا کہ وہ مودی سے ملاقات کے دوران بھارت میں انسانی حقوق اور جمہوری اقدار کے تحفظ کی ضرورت پر بات کریں۔

دوسری جانب کانگریس کی دو مسلم خواتین نے جمعہ کو کانگریس سے مودی کے خطاب کے بائیکاٹ کا اعلان کررکھا ہے۔

Read Comments