Aaj Logo

شائع 22 جون 2023 05:37pm

100ارب روپے کی امداد سیلاب متاثرین کا حق ہے، وزیرخزانہ

وزیرخزانہ اسحاق ڈار کا کہنا ہے کہ سیلاب متاثرین کی بحالی کے لئے آدھی رقم وفاق اور آدھی صوبائی حکومتیں دیں گی۔

قومی اسمبلی میں اظہارخیال کرتے ہوئے وزیرخزانہ اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ مستحق خواتین کی امداد حکومت کی ذمہ داری ہے، اچھے کام کی نیت کی جائے تو اللہ اس میں برکت ڈالتا ہے، امداد مستحق خواتین کا حق ہے۔

وزیرخزانہ نے بتایا کہ سیلاب متاثرین میں 80 ارب روپے تقسیم کیے گئے، یہ رقم بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے ذریعے دی گئی، 100 ارب روپے کی امداد سیلاب متاثرین کا حق ہے، ان متاثرین کو بھولانہیں جانا چاہئے، ان کی مکمل بحالی کیلئے 16.3ارب روپے کی ضرورت ہے، سندھ کے سیلاب متاثرین کیلئے ماسٹر پلان بنایا جائے گا۔

اسحاق ڈار نے کہا کہ سیلاب سے 30 ارب ڈالر کا نقصان ہوا ہے، ہم 15جولائی تک ماسٹر پلان مکمل کریں گے، اس کے لئے آدھا حصہ وفاق اور آدھا صوبہ ڈالے گا، گھروں کی تعمیر کیلئے 50 ارب روپے کا تخمینہ لگایا گیا ہے، اس میں سے 25 ارب روپے وفاق دے گا، فنانس بل پاس ہونے سے پہلے اس حوالے سے ترامیم لائی جائیں گی۔

وزیرخزانہ کا کہنا تھا کہ کے فورمنصوبے کے لئے 40 ارب روپے درکار ہوں گے، ابتدائی طور پر3 ارب وفاق اور3 ارب صوبائی حکومت ڈالے گی، اسکولوں کی بحالی کے لئے11.9 ارب روپے کی ضرورت ہے، وفاق اور صوبے مساوی رقم دیں گے۔

Read Comments