صدر مملکت حج پر روانہ، صادق سنجرانی نے قائم مقام صدر کی ذمہ داریاں سنبھال لیں
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اور وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ حج کی ادائیگی کیلئے سعودی عرب روانہ ہوگئے۔
صدر عارف علوی کی حج کی ادائیگی کے دوران چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی قائم مقام صدر کے طور پر کام کریں گے۔ صادق سنجرانی نے قائم مقام صدر کی ذمہ داریاں سنبھال لیں۔ کابینہ ڈویژن نے قائم مقام صدر کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔
وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ بھی فریضہ حج کی ادائیگی کیلئے سعودی عرب روانہ ہوگئے۔ وزیرداخلہ 7 جولائی کو وطن واپس پہنچیں گے۔
دوسری طرف پاکستانی سیاستدانوں نے دبئی میں ڈیرے ڈال لیے ہیں۔ لندن کے بعد اب دبئی پاکستانی سیاست کا نیا مرکز بن گیا ہے، مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف، وزیراعظم شہباز شریف کے ہمراہ دبئی پہنچ گئے ہیں، پارٹی کی چیف آرگنائزر مریم نواز بھی لاہور سے دبئی پہنچ چکی ہیں جبکہ آئندہ چند روز میں سابق صدر آصف زرداری اور پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی بھی دبئی روانگی متوقع ہے۔
دبئی میں سیاسی جماعتوں کی قیادت میں ملاقات کا امکان ہے جہاں نگراں سیٹ اپ، عام انتخابات اور عدالتی امور پر مشاورت کی جائیگی۔