Aaj Logo

شائع 03 جولائ 2023 12:23pm

نومئی واقعات میں ملوث پی ٹی آئی کارکنان کا نظر بندی کیس جلد سننے کی استدعا مسترد

سندھ ہائی کورٹ نے نو مئی واقعات میں پی ٹی آئی کارکنان کی نظر بندی کا کیس جلد سننے کی استدعا مسترد کردی۔ عدالت نے ریمارکس میں کہا کہ عبوری چالان اور پولیس رپورٹس آنے دیں پھرسنیں گے۔

سندھ ہائی کورٹ میں سانحہ نو مئی کے بعد پی ٹی آئی کارکنان کی نظربندی کے خلاف سماعت ہوئی، جس میں سرکاری وکیل نے عدالت کو بتایاکہ ملزمان کے خلاف عبوری چالان ابھی تک جمع نہیں ہوا۔

سرکاری وکیل نے کہا کہ ملزمان کے خلاف پولیس پیپرز طلب کر لیے ہیں۔

درخواست گزاروں کے وکیل کا موقف تھا کہ ملزمان کے خلاف کیس کا ریکارڈ اور پولیس پیپرز آچکے ہیں، جن کے مطابق جاوید علی کو کورنگی سے حراست میں لیا گیا، بھائی کے بدلے دوسرے بھائی کو حراست میں رکھا جا رہا ہے، جن کا نو مئی سے تعلق نہیں انہیں بھی حراست میں لیا گیا ہے۔

وکیل درخواست گزار نے استدعا کی کہ سماعت کل تک ملتوی کریں یا جلدی کی تاریخ دی جائے۔

جس پرعدالت نے کہا کہ عبوری چالان اور پولیس رپورٹس آنے دیں پھر سنیں گے۔ اور مقدمے کی مزید سماعت دو ہفتوں تک ملتوی کردی گئی۔

Read Comments