Aaj Logo

شائع 09 جولائ 2023 06:11pm

’چیئرمین پی ٹی آئی نے آئی ایم ایف کو ملکی سیاست میں مداخلت کی دعوت دی‘

ترجمان پی ڈی ایم حافظ حمداللہ کا کہنا ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی نے آئی ایم ایف سےملک میں انتخابات کے انعقاد کی گارنٹی مانگی ہے، یہ ملکی سیاست میں آئی ایم ایف کو مداخلت کی دعوت ہے۔

چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے اسٹینڈ بائی ایگریمنٹ کی حمایت کے بدلے آئی ایم ایف سے وقت پر انتخابات کی یقین دہانی مانگی ہے، جس پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے پی ڈی ایم کے ترجمان حافظ حمداللہ نے کہا ہے کہ عمران خان کی ایم ایف سے انتخابات کے انعقاد کی گارنٹی مانگنا ملکی سیاست میں آئی ایم ایف کو مداخلت کی دعوت ہے، پی ڈی ایم اس کی شدید الفاظ میں مذمت کرتی ہے۔

ترجمان پی ڈی ایم کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف کو بریفنگ وہ دے رہے ہیں جو وزراء خزانہ کو معاہدہ سبوتاژ کرنے کی ہدایات دے رہے ہوتے تھے، چیئرمین پی ٹی آئی کو معلوم نہیں کہ انتخابات کرانا آئی ایم ایف کا نہیں الیکشن کمیشن کا کام ہے، یہ وہ منافقت ہے جس کا پردہ ہم دس سال پہلے چاک کر چکے ہیں۔

حافظ حمد اللہ کا مزید کہنا تھا کہ کل تک بیرونی مداخلت کا ڈھونگ رچاکر قوم کو بے وقوف بنانے والے آج مداخلت کی دعوت رہے ہیں، امریکا کے بعد آئی ایم ایف سے مداخلت کی بھیک مانگنا، جہاد ہے یا حقیقی آزادی؟۔

ترجمان پی ڈی ایم نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی توشہ خانہ، فارن فنڈنگ اور قادریونیورسٹی کیسز میں مطلوب ہیں، انہیں اب تلاشی دینی ہوگی، سب سے بڑھ کر یہ مبینہ طور پر سانحہ 9 مئی کے ماسٹر مائنڈ بھی ہیں۔

Read Comments