Aaj Logo

شائع 10 جولائ 2023 11:14pm

بارشوں اور سیلاب کے باعث مرنے والوں کی تعداد 86 ہوگئی

شدید بارشوں کے باعث گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر سے 6 افراد زندگی کی بازی ہارے، جس کے بعد مرنے والوں کی مجموعی تعداد 86 ہوگئی۔

حالیہ بارشوں کے باعث نقصان سے متعلق نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے تازہ اعداد و شمار جاری کردیئے ہیں۔

این ڈی ایم اے کی رپورٹ کے مطابق 24 گھنٹے میں ملک بھر میں 6 افراد جاں بحق ہوئے، جن میں سے 3 کا تعلق سندھ اور 3 افراد پنجاب میں جان کی بازی ہارے، جب کہ 24 گھنٹے میں ملک بھر میں 9 افراد زخمی بھی ہوئے۔

رپورٹ کے مطابق 25 جون سے اب تک شدید بارشوں کے باعث مرنے والوں کی تعداد 86 ہوچکی ہے، جاں بحق افراد میں 33 مرد، 16 خواتین اور 37 بچے شامل ہیں۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ سب سے زیادہ اموات پنجاب میں 52 رپورٹ ہوئیں، خیبرپختونخوا سے 20 اور بلوچستان سے 6 اموات رپورٹ ہوئیں۔ اس دوران ملک بھر میں کل 97 گھروں 46 مویشیوں کو نقصان پہنچا۔

Read Comments