Aaj Logo

اپ ڈیٹ 02 اگست 2023 05:53pm

چندہ کرکے لاٹری کا ٹکٹ لینے والی خاکروب خواتین راتوں رات کروڑ پتی بن گئیں

بھارت کی جنوبی ریاست کیرالہ سے تعلق رکھنے والی 11 خاکروب خواتین نے جون میں لاٹری ٹکٹ خریدنے کے لیے پیسے اکٹھے کیے اور پھر گذشتہ ہفتے ہی ان کی دس کروڑ روپے یعنی 12 لاکھ امریکی ڈالر کی لاٹری لگ گئی۔

یہ خواتین خاکروبوں کے اُس گروپ کا حصہ ہیں جو کیرالہ کے ملاپورم ضلع کے پارپنانگڈی قصبے میں گھروں سے کوڑا اکٹھا کرتا ہے۔ انہیں اس کام کے عوض عام طور پر روزانہ تقریباً 250 روپے اجرت ملتی ہے۔

مہنگائی کے دور میں اخراجات کو پورا کرنے کے لیے زیادہ تر خواتین نے اپنے بچوں کی تعلیم اور دیگر اخراجات کے لیے قرض لے رکھے ہیں اور اسی قرض کو اتارنے کی امید میں وہ کبھی کبھار مل جل کر لاٹری کے ٹکٹ خرید لیتی ہیں۔

پچھلے مہینے خواتین کے اس گروپ نے ”مون سون بمپر پرائز لاٹری“ کے لیے 250 روپے کا ٹکٹ خریدنے کا فیصلہ کیا اور قرعہ اندازی کے اگلے روز ہی انہیں لاٹری جیتنے کی اطلاع ملی تو سب خوشی سے نہال ہوگئیں۔

لاٹری ٹکٹ خریدنے کے لئے 9 خواتین نے 25 25 روپے جمع کئے تھے، جبکہ دو خواتین سے ساڑھے 12 اور ساڑھے 12 روپے دے کر یہ لاٹری ٹکٹ خریدا تھا اور طے کرلیا تھا کہ اگر انعام نکلا تو رقم اسی حساب سے تقسیم ہوگی۔

Read Comments