Aaj Logo

شائع 05 اگست 2023 09:29am

سعودی عرب آج یوکرین میں امن کیلئے بین الاقوامی مذاکرات کی میزبانی کرے گا

سعودی عرب آج جنگ زدہ یوکرین میں امن کے لئے بین الاقوامی مذاکرات کی میزبانی کرے گا۔

یوکرین بحران پر بین الاقوامی امن مذاکرات میں امریکا اور چین سمیت 40 کے قریب ممالک کے قومی سلامتی کے مشیر اور دیگر حکام شریک ہوں گے جب کہ اس میں روس شرکت نہیں کرے گا۔

سعودی پریس ایجنسی کے مطابق اجلاس کی میزبانی ولی عہد و وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان کے انسانی اقدامات اور تسلسل کی نشاندہی کرتی ہے، جب کہ بحران کے ابتدائی دنوں سے ہی ولی عہد، روسی اور یوکرینی صدور سے رابطے میں ہیں۔

سعودی حکومت نے امید ظاہر کی ہے کہ یہ اجلاس سیاسی و سفارتی ذرائع سے بحران کے حل کو یقینی بنانے میں اہم کردار کرے گا اور اس طرح سے بین الاقوامی امن کو تقویت ملے گی۔

میڈیا ذرائع کے مطابق اجلاس میں جنگ کے خاتمے کے لیے عالمی حمایت حاصل کرنے اور مستقبل کے امن تصفیے کے لیے اہم اصولوں پر اتفاق ہونے کا امکان ہے۔

اس ضمن میں یوکرین کے صدر ولادمیر زیلنسکی نے امید ظاہر کی ہے کہ دنیا ان کے امن سے متعلق دس نکاتی فارمولے کی توثیق کرے گی۔

Read Comments