Aaj Logo

شائع 05 اگست 2023 09:55am

صدر، وزیراعظم اور مسلح افواج کے سربراہان کا یوم استحصال پر پیغام

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی، وزیراعظم شہباز شریف اور مسلح افواج کے سربراہان نے یوم استحصال پر پیغام میں مقبوضہ کشمیر میں بھارت کے یکطرفہ اور غیرقانونی اقدامات کو یکسر مسترد کیا ہے۔

ایوان صدر کے مطابق ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ 5 اگست کو بھارت نے غیر قانونی طور پر یکطرفہ کارروائیوں کا آغاز کیا، ایسے اقدامات متنازعہ علاقے پر قبضہ کرنے کے لئے کیے گئے تھے۔

صدر مملکت نے کہا کہ بھارت کشمیری عوام کی آزادی کی تڑپ کو کم نہیں کر سکتا، بھارت کا کشمیری عوام کے حقوق سے انکار غیر قانونی عمل ہے، بھارتی ریاستی دہشت گردی حقیقت کو تبدیل نہیں کر سکتی۔

یوم استحصال پر وزیراعظم شہباز شریف نے ایک بیان میں کہا کہ بھارت نے کشمیری عوام کو دبانے کے لئے طاقت کا استعمال کیا، بھارتی حکام نے انتخابی حلقوں کی منتخب حدبندی کی اور لاکھوں غیر ریاستی باشندوں کو جعلی ڈومیسائل جاری کیے۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ بھارت نے انتخابی فہرستوں میں ردوبدل کے لئے عارضی رہائشیوں کو شامل کیا، لہٰذا پاکستان یکطرفہ، غیر قانونی اقدامات کو یکسر مسترد کرتا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ بھارت 7 دہائیوں سے مقبوضہ کشمیر پر قابض ہے، اس پر عالمی برادری کو مزید خاموش نہیں رہنا چاہیے۔

اس کے علاوہ مسلح افواج کے سربراہان نے بھی کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی کے لئے بھارتی جارحیت اور اس کے غیر قانونی اقدامات کے خلاف پیغام جاری کیا ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق پاکستان کی افواج کشمیر کے بہادر عوام کے ساتھ کھڑی ہیں، حق خودارادیت کے لئے کشمیریوں کی جدوجہد کی حمایت کرتے ہیں۔

Read Comments