Aaj Logo

اپ ڈیٹ 28 اگست 2023 08:55pm

لکی مروت میں فائرنگ، 2 پولیس اہلکار شہید، ایس ایچ او سمیت 3 زخمی

خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں فائرنگ کے تین واقعات ہوئے۔ لکی مروت میں دو پولیس اہلکار شہید اور تین زخمی ہوگئے جبکہ باڑہ میں قومی چیمپیئن کھلاڑی سلیم آفریدی کو قتل کردیا گیا جبکہ میر علی میں بھی ایک شخص جاں بحق ہوگیا۔

لکی مروت میں تھانہ پیزو کی حدود نامعلوم افراد نے فائرنگ کردی۔

فائرنگ سے 2 پولیس اہلکار جاں بحق اور 3 زخمی ہوگئے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ زخمیوں میں ایس ایچ او تھانہ پیزو بھی شامل ہیں۔

قومی مارشل آرٹس چیمپیئن کا قتل

خیبر کی تحصیل باڑہ میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے قومی چیمپیئن کھلاڑی سلیم آفریدی کو قتل کردیا گیا۔

حکام کے مطابق سلیم آفریدی کو طبی امداد کے لئے اسپتال منتقل کیا گیا تاہم وہ جانبر نہ ہو سکے اور اسپتال میں جاں بحق ہوگئے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ قتل کی وجہ ابھی تک معلوم نہ ہوسکی واقعے کے بعد ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

مقتول کی نماز جنازہ ان کے آبائی علاقے میں ادا کردی گئی، ان کا تعلق قوم برقمبر خیل سے ہے۔

پولیس کا کہنا تھا کہ ابھی تک کوئی گرفتاری عمل میں نہیں لائی گئی ہے۔

میرعلی میں فائرنگ

شمالی وزیرستان کے علاقے میرعلی میں نامعلوم موٹر سائیکل سواروں کی فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا۔

پولیس کے مطابق فائرنگ کے بعد ملزمان فرار ہوگئے، جاں بحق ہونے والے کی شناخت جمشید رحمن کے نام سے ہوئی۔

پولیس نے لاش ڈی ایچ کیو اسپتال میرعلی منتقل کرکے واقعہ کی تفتیش شروع کردی۔

Read Comments