Aaj Logo

اپ ڈیٹ 16 ستمبر 2023 08:01pm

پہلا کرکٹ ورلڈکپ کب اور کہاں کھیلا گیا، فاتح کون سی ٹیم رہی؟

دنیائے کرکٹ پر حکمرانی کے لیے پہلا ورلڈ کپ 1975 میں کھیلا گیا، جس کا فاتح ویسٹ انڈیز رہا۔

پہلے کرکٹ ورلڈ کپ کی میزبانی کا شرف انگلینڈ کو حاصل ہوا، ہر میچ 60، 60 اوورز پر مشمتل تھا۔ جن میں سفید کٹ اور سرخ گیند کا استعمال ہوا۔ 7 جون سے شروع ہونے والے میگا ایونٹ میں 15 میچز کھیلے گئے۔

اس ورلڈ کپ میں حصہ لینے والی ٹیموں کی تعداد 8 تھی، جن میں آسٹریلیا، انگلینڈ، پاکستان، بھارت، نیوزی لینڈ، ویسٹ انڈیز، سری لنکا اور ایسٹ افریقہ شامل تھیں۔

ان ٹیموں کو 2 گروپس میں تقسیم کیا گیا، گروپ میں ہر ٹیم نے دوسری ٹیم کے ساتھ میچ کھیلا۔

گروپ اے سے انگلینڈ اور نیوزی لینڈ نے سیمی فائنل میں کوالیفائی کیا جبکہ گروپ بی سے ویسٹ انڈیز اور آسٹریلیا نے سیمی فائنل میں جگہ بنائی۔

آسٹریلیا نے انگلینڈ اور ویسٹ انڈیز نے نیوزی لینڈ کو شکست دے کر فائنل میں رسائی پائی۔

اس تاریخی ورلڈ کپ کا فائنل 21 جون کو ہوم آف کرکٹ لارڈز کے میدان پر کھیلا گیا، جس میں ویسٹ انڈیز نے آسٹریلیا کو 17 رنز سے ہرا کر ٹرافی اپنے نام کی۔

اس ورلڈکپ میں نیوزی لینڈ کے گلین ٹرنر نے سب سے زیادہ 333 رنز بنائے جبکہ آسٹریلیا کے گیری گلیمور نے سب سے زیادہ 11 شکار کیے۔

Read Comments