Aaj Logo

اپ ڈیٹ 24 اکتوبر 2023 04:58pm

پنجاب حکومت نے العزیزیہ ریفرنس میں نواز شریف کی سزا معطل کردی

سابق وزیراعظم نوازشریف نے پنجاب حکومت کو العزیزیہ ریفرنس میں سزا معطل کرنے کی درخواست کی تھی، جس پر نگراں پنجاب کابینہ نے سابق وزیراعظم کی سزا معطلی کی منظوری دے دی۔ نگراں وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے کہا ہے کہ نگراں حکومت کے پاس سزا معطل کرنے کا اختیار ہے، ہم نے درخواست عدالت کو بھجوا دی، حتمی فیصلہ عدالت نے کرنا ہے۔

پنجاب حکومت نے العزیزیہ ریفرنس میں مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف کی سزا معطل کردی ہے، سابق وزیراعظم نے پنجاب حکومت کو سزامعطل کرنے کی درخواست کی تھی۔

نوازشریف نے اسلام آباد ہائی کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں پنجاب حکومت کو درخواست دی تھی، جس پر نگراں پنجاب کابینہ نے نوازشریف کی العزیزیہ ریفرنس میں سزا معطلی کی منظوری دے دی۔

’حتمی فیصلہ عدالت نے کرنا ہے‘

نگراں وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے میڈیا سے گفتگو میں نواز شریف کی سزا معطلی کے معاملے پر کہا کہ بزدار حکومت نے درخواست سنے بغیر مسترد کر دی تھی، ہم نے درخواست عدالت کو بھجوا دی جس پر حتمی فیصلہ عدالت نے کرنا ہے۔

انھوں نے کہا کہ نگراں حکومت کے پاس سیکشن 401 کے تحت سزا معطل کرنے کا اختیار ہے۔

انتخابات سے متعلق بات کرتے ہوئے محسن نقوی نے کہا کہ ہم الیکشن جلد ہوتے دیکھ رہے ہیں۔

Read Comments