Aaj Logo

اپ ڈیٹ 31 اکتوبر 2023 12:19am

مہلت ختم ہوتے ہی غیر قانونی رہائش پذیر غیر ملکیوں کیخلاف آپریشن شروع کا فیصلہ

غیر قانونی تارکین وطن کی واپسی کیلئے دی گئی ڈیڈ لائن کا آج آخری روز ہے۔ اسلام آباد پولیس نے مہلت ختم ہوتے ہی غیر قانونی رہائش پذیرغیر ملکیوں کے خلاف آپریشن شروع کرنے کا فیصلہ کرلیا۔ اسلام آباد پولیس کی جانب سے پیر کو مساجد میں اعلانات بھی کیے گئے۔

اسلام آباد پولیس اور انتظامیہ نے غیرقانونی رہائش پذیرغیر ملکیوں کے حوالے سے پلان تیار کر لیا۔

ذرائع کے مطابق اسلام آباد میں غیر قانونی رہائش پذیر غیر ملکیوں کے لیے حاجی کیمپ میں ہولڈنگ سینٹر قائم کردیا گیا، ہر بدھ کے روز اسلام آباد انتظامیہ غیر قانونی مقیم غیر ملکیوں کو بارڈر تک پہنچائے گی۔

ذرائع نے مزید بتایا کہ اڈیالہ جیل میں قید غیر قانونی رہائش پذیر باشندوں کو ڈی پورٹ کردیا جائے گا، اسلام آباد کے مختلف علاقوں سے گرفتار 511 غیر قانونی رہائش پذیر غیر ملکی اڈیالہ جیل میں قید ہیں۔

مساجد سے اعلانات

اسلام آباد پولیس کی جانب سے پیر کو مساجد میں اعلانات بھی کیے گئے۔

مسجد الرحمن ای الیون میں اسلام آباد پولیس نے اعلان کیا کہ غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں کو پاکستان چھوڑنے کے لئے دی جانے والی مہلت میں ایک دن باقی ہے۔

اقوام متحدہ کے ذیلی ادارے یو این ایچ سی آر کے دفتر کے باہر رش

کوئٹہ میں قوام متحدہ کے پناہ گزینوں کے ادارے (یو این ایچ سی آر) کے دفتر کے باہر مہاجر کارڈ رکھنے والے افراد اپنے قیام سے متعلق معلومات اور دیگر دستاویزات کے حصول کے لیے سارا دن جمع رہے۔

غیر ملکی تارکین وطن کی واپسی کے لئے پاک افغان سرحدی علاقوں میں خصوصی معاونت کے مراکز قائم کئے گئے ہیں۔

یکم نومبر کے بعد غیر قانونی تارکین وطن کے انخلاء کے لئے کارروائی کا آغاز ہوگا۔ باب دوستی چمن سرحد ، چاغی اور قمردین کاریز کے علاقوں میں کراسنگ پوائنٹ قائم کئے گئے ہیں۔

واضح رہے کہ 92 ہزار 928 غیر قانونی مقیم باشدے واپس اپنے وطن جا چکے ہیں جب کہ افغان باشندوں کا شکوہ ہے کہ پاکستان چھوڑنے کے لئے انہیں حکومت کی جانب سے مناسب وقت نہیں دیا گیا، 30 سال بعد واپس جا کر افغانستان میں کیا کام کریں گے۔

پاکستان کئی دہائیوں سے افغان جنگ متاثرین کو پناہ دے رکھا ہے، غیر قانونی مقیم افغان شہریوں کی وجہ سے ملک میں جرائم بڑھے اور پاکستان کی سالمیت کے پیش نظر ان جرائم کو ختم کرنے کا اٹل فیصلہ کیا گیا۔

17 لاکھ 30 ہزار افغان شہریوں کے پاس قانون رہائشی دستاویزات نہیں

ذرائع کے مطابق پاکستان میں تقریباً 17 لاکھ 30 ہزار افغان شہریوں کے پاس قانون رہائشی دستاویزات نہیں جب کہ 8 لاکھ 80 ہزار مہاجرین کو قانونی حیثیت فراہم نہیں کی گئی۔

یہ بھی پڑھیں:

غیر قانونی تارکین وطن کیخلاف یکم نومبر کے بعد کارروائی کریں گے، نگراںوزیر داخلہ سندھ

غیرقانونی مقیم غیرملکیوں کی جائیدادیں ضبط، 50 ہزار سے زائد واپس نہیںلے جاسکیں گے

واضح رہے کہ رواں ماہ کے آغاز میں وفاقی حکومت نے پاکستان میں غیرقانونی طور پر مقیم تمام غیرملکیوں کو ملک چھوڑنے کیلئے 31 اکتوبر کی ڈیڈ لائن دی تھی جب کہ 10 اکتوبر سے افغان شہریوں کیلئے ڈیجیٹائزڈ ای تذکرہ نافذ کیا گیا جو کل تک نافذ العمل رہے گا۔

گزشتہ دنوں نگراں وزیر داخلہ سرفراز بگٹی کا کہنا تھا کہ افغان مہاجرین کے انخلا سے متعلق تاریخ میں توسیع نہیں ہوگی، غیر قانونی وغیر ملکی افراد کو ملک سے واپس بھیجنے کی تیاری مکمل کرلی گئی ہے۔

Read Comments