Aaj Logo

شائع 24 نومبر 2023 12:01pm

’رمیز راجہ کچھ دن اور رہ جاتے تو پی سی بی کا ڈائٹ پلان بھی ناسا سے بنوا لیتے‘

پاکستان کرکٹ بورڈ کے سابق چئیرمین رمیزراجہ اکثر و بیشتر اپنے متنازع یا دلچسپ بیانات کے سبب سرخیوں میں رہتے ہیں۔

سابق کرکٹر کی جانب سے اب النصر فٹبال کلب کے معروف کھلاڑی کرسٹیانو رونالڈو سے متعلق ایک عجیب بیان سامنے آیا ہے۔

سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہے جس میں رمیزراجہ کو کرسٹیانو رونالڈو کے ڈائٹ پلان سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔

وائرل ویڈیو میں رمیز راجہ نے کہا کہ ’رونالڈو کا ڈائٹ پلان ناسا کے سائنسدان سیٹ کرتے ہیں‘۔

مزید پڑھیں:

کرسٹیانو رونالڈو نے 600 ملین فالوورز کا سنگِ میل عبور کرلیا

کیا کرسٹیانو رونالڈو نے سلمان خان کو نظر انداز کردیا

اس ویڈیو کلپ کے وائرل ہونے کے بعد سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے سخت ردِعمل سامنے آیا ہے۔

ایک خاتون صارف نے ایکس پر اس ویڈیو کو شئیر کرتے ہوئے کہا کہ ’رمیز راجہ کا کہنا تھا کہ رونالڈو کا ڈائٹ پلان ناسا کے سائنسدانوں نے تیار کیا ہے۔ کیا کوئی تصدیق کر سکتا ہے کہ یہ سچ ہے؟‘

ایکس پر کرکٹ کے ایک فین پیج نے لکھا کہ ’رمیز راجہ یہ دعویٰ کررہے ہیں کہ ناسا کے سائنسدانوں نے رونالڈو کا ڈائٹ پلان تیار کیا تھا، یہ بصیرت مند کبھی پی سی بی کے چیئرمین ہوا کرتے تھے۔ شکر ہے کہ وہ اب اس پوزیشن میں نہیں رہے ہیں‘۔

ایک صارف نے طنزیہ تبصرہ کرتے ہوئے لکھا کہ ’رونالڈو کا ڈائٹ پلان ناسا والے بناتے ہیں، رمیز راجہ نے رازسے پردہ اُٹھا دیا۔ کچھ اور دن اگر رمیز راجہ چئیرمین رہ جاتے تو پی سی بی کا ڈائٹ پلان بھی ناسا سے بنوا لیتے‘۔

اس سے قبل رمیز راجہ کو لیجنڈری ویسٹ انڈین کرکٹر سر ویوین رچرڈز اور بھارتی اداکار نینا گپتا سے متعلق نسل پرستانہ مذاق پر قہقہہ لگانے کی وجہ سے کڑی تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا۔

Read Comments