Aaj Logo

شائع 24 نومبر 2023 03:52pm

انٹرا پارٹی الیکشن کرانا مشکل کام نہیں، عمران چیئرمین رہیں گے، پی ٹی آئی وکیل

معروف قانون دان سلمان اکرم راجا کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف کی جانب سے انٹرا پارٹی الیکشن کرانا کوئی مشکل یا دشوار عمل نہیں، پارٹی کا اصل قائد ہی پارٹی چیئرمین ہوتا ہے عہدے ہونے یا نہ ہونے سے کوئی فرق نہیں پڑتا۔

اسلام آباد ہائی کورٹ کے باہر میڈیا سے غیر رسمی بات کرتے ہوئے چیئرمین پی ٹی آئی کے وکیل اور معروف قانون دان سلمان اکرم راجا کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی سے کہا ہے انٹرپارٹی الیکشن کرائیں، یہ کوئی مشکل کام نہیں ہے، یہ الیکشن ہوتے رہے ہیں، ابھی تفصیلی فیصلہ نہیں دیکھا، دیکھیں گے کہ اس فیصلے کے خلاف اپیل کرنے کی ضرورت ہے یا نہیں۔

سلمان اکرم راجا نے کہا کہ انٹرا پارٹی الیکشن کرانا کوئی دشوار عمل نہیں ہے، تحریک انصاف کے بہت سے لوگ ہیں جن کے پاس مختلف عہدے پہلے سے ہی موجود ہیں اور وہ پارٹی کی باگ ڈور سنبھالنے کے قابل ہیں، اس وجہ سے پی ٹی آئی کو انٹرا پارٹی الیکشن کرانا کوئی دشوار نہیں۔

سلمان اکرم راجا کا کہنا تھا کہ عمران خان کا معاملہ عدالت میں موجود ہے، چند دنوں میں ان کا فیصلہ آجائے گا، نواز شریف 4 سال بیرون ملک رہے لیکن ان کی جو اپنی فالوونگ ہے وہ کم نہیں ہوئی اور وہ اب بھی پارٹی کے قائد ہیں، جو پارٹی کا اصل قائد ہوتا ہے وہی رہتا ہے، کسی عہدے کے ہونے یا نہ ہونے سے فرق نہیں پڑتا۔

سلمان اکرم راجا نے کہا کہ میرا تحریک انصاف سے کوئی تعلق نہیں، میں بطور وکیل اپنا کام کررہا ہوں، سیاست کو برا نہیں سمجھتا، بلکہ سیاست تو ہماری اجتماعی زندگی کا ایک اہم حصہ ہے، اس میں ممکن ہوتو ہر ایک کو حصہ لینا چاہیے۔

Read Comments