پاکستانی طالب علم نے برطانوی یونیورسٹی میں عمران خان کا نعرہ لگا دیا، احسن اقبال کا جواب

یہ کوئی فخر کی بات نہیں ہے، لیگی رہنما
شائع 06 دسمبر 2023 04:00pm

سینیئر لیگی رہنما احسن اقبال نے پاکستانی طالبعلم کی جانب سے انگلینڈ کی یونیورسٹی میں عمران خان کا نعرہ لگانے پر ردعمل میں اسے شرمساری کی بات قرار دیا ہے۔

احسن اقبال نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس پر ایک پوسٹ کو ری پوسٹ کیا۔

پوسٹ میں ویڈیو شیئرکی گئی ہے جس میں ایک طالبعلم کو بیرون ملک ڈگری لیتے ہوئے اسٹیج پر بانی پی ٹی آئی عمران خان کے نام کے نعرے لگاتے دیکھا جاسکتا ہے۔

کیپشن میں بتایا گیا ہے کہ تحصیل جتوئی کے رہائشی عمیر علی نے انگلینڈ کی بریڈ فورڈ یونیورسٹی سے ایل ایل ایم کی ڈگری لیتے ہوئے اسٹیج پر’ عمران خان زندہ باد’ کا نعرہ بُلند کیا۔

احسن اقبال نے ردعمل میں لکھا کہ یہ کوئی فخر کی بات نہیں ہے بلکہ شرمساری کی بات ہے۔

لیگی رہنما کے مطابق ، ’ان تقریبات کا ایک وقار ہوتا ہے، اسے سیاسی جلسہ بنا کر پاکستان کے امیج کا نقصان کیا گیاہے‘۔

انہوں نے ماضی میں پی ٹی آئی کارکنوں کے نعروں کا حوالہ دیتے ہوئے لکھا کہ، ’میدان عرفات اور مسجد نبوی کے تقدس کا بھی ان اندھے مقلدوں کو خیال نہیں، وہاں بھی سیاسی نعرے لگاتے ہیں تو یونیورسٹی کانوکیشن کی کیا حیثیت‘۔

Read Comments