Aaj Logo

شائع 14 دسمبر 2023 02:56pm

جمائما نے آصف زرداری کے الزام پر ’پاکستان ہمیشہ زندہ باد‘ کا نعرہ لگاتے ہوئے کیا کہا

بانی پی ٹی آئی عمران خان کی سابقہ اہلیہ جمائما گولڈ اسمتھ نے چند روز قبل سابق صدرآصف علی زرداری کی جانب سے خود پر ائد کیے جانے والے الزام کا جواب دیتے ہوئے ’پاکستان ہمیشہ زندہ باد‘ کا نعرہ لگا ڈالا۔

شریک چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی اورسابق صدر آصف علی زرداری نے 11 دسمبرکو آج نیوز کے پروگرام ’فیصلہ آپ کا‘ میں انٹرویو کے دوران کہا تھا کہ جمائما یوٹیوبرز کو رقم دیتی ہیں تاکہ وہ یہ تاثر دے سکیں کہ پاکستان میں آئندہ انتخابات پی ٹی آئی دو تہائی اکثریت سے جیتے گی۔

پروگرام کی میزبان عاصمہ شیرازی نے آصف زرداری سے سوال کیا تھا کہ ’تاثر یہی ہے کہ دو تہائی اکثریت لیکر آئیں گے، وہی (پی ٹی آئی) جیتے گی‘۔ اس پر سابق صدر نے کہا کہ ’خدا کا خوف کریں، یہ تو باہر بیٹھے وی لاگرزکہہ رہے ہیں، اوران وی لاگرز کو پیسے دے رہی ہیں جمائما‘۔

جمائما پر سیاسی مقاصد کے لیے وی لاگرز کو پیسے دینے کا الزام پی ٹی آئی کے حامیوں اور انہیں پسند کرنے والوں کو ناگوار گزرا جنہوں نے اس حوالے سے ایکس ٹرینڈ میں سابق صدر پر کڑی تنقید کی۔

جمائما کی جانب سے احتشام الق نامی صارف کی پوسٹ پر ردعمل میں کہا گیا ہے کہ، ’ظاہرہے یہ سچ نہیں، میں پاکستان میں صرف امن وخوشحالی کی خواہش رکھتی ہوں‘۔

آصف زرداری کے بیان کے بعد جمائما کو مضبوط رہنے کا پیغام

انٹرٹینمنٹ ویب سائٹ کی پوسٹ شیئر کرتے ہوئے اپنی ایکس پوسٹ میں جمائما نے ’پاکستان زندہ باد‘ کا نعرہ بھی لگایا۔

جمائما نے اپنا موقف واضح کرتے ہوئے مزید لکھا کہ، ’ عام پاکستانیوں کا شکریہ،جب بھی کرپٹ سیاستدان مجھے بدنام کرتے اور جھوٹ بولتے ہیں تو وہ ہمیشہ میرا دفاع اور میری حمایت کرتے ہیں’۔

واضح رہے کہ عمران خان نے جمائما سے 1995 میں شادی کی تھی، دونوں کے درمیان 2004 میں طلاق ہوگئی جس کے بعد جمائما اپنے وطن واپس لوٹ گئیں تاہم پاکستان سے ان کی وابستگی آج بھی قائم ہے اور وہ سوشل میڈیا پراپنے پاکستانی فالوورزکے ساتھ بھرپور طریقے سے جڑی رہتی ہیں۔

Read Comments