اوگرا حکام سے تاجروں کے کامیاب مذاکرات، گیس بلوں کی تاریخ بڑھادی گئی

مذاکرات دوبارہ کرنے کی یقین دہانی پر تاجروں نے احتجاج عارضی ختم کردیا
اپ ڈیٹ 18 دسمبر 2023 09:18pm

ہوٹلز اینڈ ریسٹورنٹس ایسوسی ایشن نے گیس قیمتوں میں ہوشربا اضافے کے خلاف اوگرا دفتر کے باہر احتجاج کیا مذاکرات کے بعد تاجروں کو 31 دسمبر تک بلوں کی تاریخ میں توسیع مل گئی جبکہ مذاکرات دوبارہ کرنے کی یقین دہانی پر تاجروں نے احتجاج عارضی ختم کردیا۔

رپورٹس کے مطابق گیس قیمتوں میں بے تحاشا اضافے کے خلاف جڑواں شہروں کے ہوٹلز مالکان سڑکوں پر نکل آئے اور اوگرا دفتر کے باہر احتجاج کے دوران اوگرا اور حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔

کئی گھنٹے احتجاج کے بعد اوگرا حکام نے تاجروں کو مذاکرات کے لیے مدعو کیا، جس کے بعد تاجروں رہنماؤں کو بلوں کی تاریخ میں 31 دسمبر تک توسیع کی یقین دہانی کروائی گئی اور 2 دن بعد 20 دسمبر کو دوبارہ مذاکرات کرنے کی یقین دہانی کروائی گئی جس پر تاجروں نے احتجاج پرامن طور پر ختم کردیا۔

تاجروں نے کہا کہ اگلی میٹنگ میں مطالبات نہ مانے گئے تو احتجاج کا دائرہ کار وسیع کریں گے، تمام ہوٹلرز بند اور تمام اسٹاف سڑکوں پر مطالبات کی منظوری تک احتجاج کرے گا۔

Read Comments