Aaj Logo

اپ ڈیٹ 20 دسمبر 2023 11:39pm

راولپنڈی میں فائرنگ سے ٹریفک جام، جج محمد بشیر کی گاڑی گزر چکی تھی، پولیس

راولپنڈی میں بدھ کی شام احتساب عدالت کے جج محمد بشیرکی گاڑی کے قریب فائرنگ کی اطلاعات سامنے آئیں، تاہم پولیس حکام کا کہنا ہے کہ جج محمد بشیر کی گاڑی گزر چکی تھی، فائرنگ سے ٹریفک جام ہوگیا تھا۔

جج محمد بشیراڈیالہ جیل سے کیس کی سماعت سے واپس آ رہے تھے کہ راستے میں تھانہ ایئرپورٹ کی حدود میں فائرنگ کا واقعہ پیش آیا۔

ابتدائی طور پر خبر تھی کہ فائرنگ جج محمد بشیر کی گاڑی پر کی گئی، تاہم ترجمان پولیس نے تردید کرتے ہوئے بتایا کہ جب فائرنگ ہوئی اس وقت جج محمد بشیر کی گاڑی گزر گئی تھی۔

حکام نے بتایا کہ فائرنگ سے ٹریفک جام ہوگئی اور پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتارکرلیا۔ جس کی شناخت شایان علی کے نام سے ہوئی ہے اور وہ راولپنڈی ہارلے اسٹریٹ کا رہائشی ہے۔

ترجمان پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم شایان گاڑی میں اپنی فیملی کے ساتھ جا رہا تھا کہ فیملی سے تلخ کلامی ہوئی، اور تلخ کلامی کے باعث اس نے گاڑی سے اتر کر ہوائی فائرنگ کی۔

پولیس ترجمان نے کہا کہ راولپنڈی پولیس نے ملزم شایان ذوالفقار کو حراست میں لیا تو وہ نشے میں تھا، ملزم کو تھانہ ائیرپورٹ منتقل کردیا ہے اور اس کے خلاف قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ احتساب عدالت کے جج محمد بشیر بانی پی ٹی آئی عمران خان سمیت دیگر اہم شخصیات کے نیب کیسز کی سماعت کر رہے ہیں، اور بدھ کو بھی اڈیالہ جیل میں عمران خان کے کیس کی سماعت کیلئے گئے تھے۔

Read Comments