Aaj Logo

اپ ڈیٹ 21 دسمبر 2023 11:30pm

بلاول بھٹو زرداری کا لاہور سے انتخابات میں حصہ لینے کا فیصلہ

چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹوزرداری نے لاہور سے انتخابات میں حصہ لینے کا فیصلہ کرلیا۔ بلاول بھٹو کے این اے 128 سے کاغذات نامزدگی جمع کروا دیے گئے۔ بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ ایک دوسرے کو غدار کہہ کر ملک کیسے چلایا جاسکتا ہے ہمیں نفرت اور تقسیم کی سیاست کا خاتمہ کرنا ہوگا۔

حیدر آباد میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ اپنی ثقافت کا فروغ ہمارے لئے ضروری ہے،دنیا کے ساتھ چلنے کیلئے اپنی ثقافت کو اجاگر کرنا ہوگا، ہر صوبے کو اپنی ثقافت اور تاریخ کو اون کرنا ہوگا۔

بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ ہم نے پاکستان کو ایک جدید ملک بنانا ہے، نوجوانوں کے ہاتھ سے اسلحہ لے کر قلم دینا ہوگا، دانشور اور نوجوان جاگ جائے تو ملک کا راستہ کوئی نہیں روک سکتا، 2024 میں پاکستان کو اصلاحات کی ضرورت ہے۔

چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ ہماری بدقسمتی ہے کہ بڑے بڑے لیڈرز کو قتل کردیاگیا، ہمیں نفرت اور تقسیم کی سیاست کا خاتمہ کرنا ہوگا، ایک دوسرے کو غدار کہہ کر ملک کو کیسے چلایا جا سکتا ہے، ہر پاکستانی محب وطن پاکستانی ہے، اختلاف رائے رکھنا سب کاحق ہے، ذاتی دشمنی نہیں ہونی چاہئے، کچھ لوگ ہم میں نفرت اور تقسیم چاہتے ہیں، ہمیں مل کر تمام خطرات کا مقابلہ کرناہوگا۔

بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ ماحولیاتی آلودگی سے سیاچن کی برف پگھل جائے گی، برف پگھلی تو پہلےسیلاب آئے گا اور پھر پیاس سے لوگ مریں گے، ہمیں اپنے مستقبل کی تیاری پہلے سے کرنی ہوگی، عوام میں آگاہی کیلئے مہم چلانی ہوگی، سندھ کے سیلاب متاثرین کے لئے گھروں کی تعمیر کا سلسلہ جاری ہے۔

Read Comments