Aaj Logo

اپ ڈیٹ 06 جنوری 2024 01:56pm

رانا ثناء اللہ کے گھر پر حملہ، پی ٹی آئی قیادت کے وارنٹ گرفتاری جاری

فیصل آباد میں 9 مئی کو پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما رانا ثناء اللہ کے گھر پر حملے کے مقدمے میں پی ٹی آئی قیادت سمیت 160 افراد کے وارنٹ گرفتاری جاری کردیے گئے ہیں۔

نو مئی کو پاکستان تحریک انصاف کے کارکنوں کی بڑی تعداد عمران خان کی گرفتاری کے خلاف مظاہرہ کرتے ہوئے فیصل آباد میں اس وقت کے وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ کی رہائش گاہ کے باہر جمع ہوگئی تھی اور ان کے گھر پر پتھراؤ کیا تھا۔

فیصل آباد کی انسداد دہشتگردی عدالت نے پی ٹی آئی رہنما زرتاج گل، زین قریشی، اسد عمر، فواد چوہدری اور عمر ایوب کے وارنٹ گرفتاری جاری کردیے۔

ان کے علاوہ شہباز گل، مراد سعید، اعظم سواتی اور حماد اظہر کے بھی وارنٹ گرفتاری جاری کئے گئے ہیں۔

اسی مقدمے میں پی ٹی آئی رہنما جوہیل عامر، میاں اسلم اقبال اور اعجاز منہاس کے بھی وارنٹ گرفتاری جاری کئے گئے ہیں۔

عدالت نے پولیس کو ان تمام افراد کو گرفتار کرکے 15 جنوری تک عدالت پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔

خیال رہے کہ رانا ثناء اللہ کے گھر پر حملہ کیس میں 30 سے زائد ملزمان سنٹرل جیل میں بند ہیں۔

دوسری جانب عدالت نے حساس ادارہ پر حملہ کیس میں 44 افراد کی ضمانت کی درخواستیں بھی منظور کرلی ہیں۔

Read Comments