Aaj Logo

شائع 12 جنوری 2024 09:49am

امارات میں سال کا سرد ترین دن

رواں موسمِ سرما میں متحدہ عرب امارات کو بھی غیر معمولی صورتِ حال کا سامنا ہے۔ امارات میں بھی درجہ حرارت سنگل ڈجٹ سے نیچے گرگیا۔ راس الخیمہ، جبل جیس اور دیگر پہاڑی علاقوں میں پارہ مزید گرسکتا ہے۔

گزشتہ روز یو اے اے میں رہنے والوں نے موسم کے سرد ترین دن کا سامنا کیا جب درجہ حرارت 5.3 سینٹی گریڈ تک گرگیا۔

دو دن سے یو اے ای کے مختلف علاقوں کے لوگوں کو سخت سردی کا سامنا رہا ہے۔ 10 جنوری کو سال کا سرد ترین دن ریکارڈ کیا گیا۔ رکنہ (العین) میں پارہ منفی 5.3 تک گرا۔ جمعرات کو اس علاقے میں درجہ حرارت 5.8 سینٹی گریڈ رہا۔ 2021 میں رکنہ میں پارہ منفی 2 سینٹی گریڈ تک گرا تھا۔

جبل جیس کے علاقے میں درجہ حرارت 7.2 سینٹی گریڈ تک گرا ہے۔ پہاڑی علاقوں میں درجہ حرارت مزید کم رہنے کا امکان ہے۔

متحدہ عرب امارات میں چونکہ گرمی بہت پڑتی ہے اس لیے جب موسم سرد ہوتا ہے تو لوگ خوب لطف اندوز ہوتے ہیں۔

راس الخیمہ سرد موسم میں لوگوں کی توجہ کا مرکز بننے والی ریاست ہے۔ سخت سردی میں لوگ راس الخیمہ کا رخ کرتے ہیں۔ دیگر پہاڑی علاقوں میں بھی موسمِ سرما کے دوران خاصی رونق دکھائی دیتی ہے۔

لوگ سرد موسم سے لطف اندوز ہونے کے لیے بڑی تعداد میں جبل جیس بھی جاتے ہیں۔ اس بار بھی لوگ سرد ترین علاقوں کی سیر کو نکلے ہوئے ہیں۔ دبئی، ابوظبی، شارجہ اور دیگر شہروں میں بھی سرد موسم نے لوگوں کا موڈ خوش گوار کردیا ہے۔

Read Comments