Aaj Logo

اپ ڈیٹ 15 جنوری 2024 12:47am

پی ٹی آئی کے ٹکٹ کا الزام : دانیال عزیز کا احسن اقبال کو نوٹس بھیجنے کا اعلان

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنماء احسن اقبال نے انکشاف کیا ہے کہ دانیال عزیز اندرونی طور پر تحریک انصاف کے ٹکٹ کی دوڑ میں شامل تھے۔ جس کے بعد دانیال عزیز نے احسن اقبال کو نوٹس بھیجنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ ثابت کریں پی ٹی آئی کا ٹکٹ اپلائی کیا تھا۔

دانیال عزیز اور احسن اقبال کے درمیان ایک بار پھر محاذ آرائی شروع ہوگئی۔ لیگی رہنما دانیال عزیز نے اعلان کیا ہے کہ بے بنیاد الزامات لگانے پر پارٹی کے سیکرٹری جنرل احسن اقبال کو ہرجانےکا نوٹس بھیجوں گا۔

انہوں نے کہا ہے کہ احسن اقبال ثابت کریں کہ میں نے پی ٹی آئی کا ٹکٹ اپلائی کیا تھا، سوشل میڈیا پرکردار کشی کیسےکرسکتا ہوں، میرا اکاؤنٹ عرصے سے ان ایکٹو ہے۔

ٹکٹ کے حوالے سے وضاحت پیش کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ مختلف جماعتوں نے مجھ سے رابطہ کیا لیکن میں نے انکار کیا۔

انھوں نے کہا کہ میرے خلاف نوٹس جاری کرنے پر احسن اقبال نے قیادت کو مجبور کیا۔ احسن اقبال نے لوٹے ختم نہیں کیے، لوٹوں کی فیکٹری لگائی ہے۔

دانیال عزیز تحریک انصاف کے ٹکٹ کی دوڑ میں شامل تھے، احسن اقبال کا الزام

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنماء احسن اقبال نے انکشاف کیا ہے کہ دانیال عزیز اندرونی طور پر تحریک انصاف کے ٹکٹ کی دوڑ میں شامل تھے۔

احسن اقبال نے شکرگڑھ میں تقریب سے خطاب میں کہا کہ 2013 میں بھی ن لیگ کی قیادت دانیال عزیز کو ٹکٹ دینے کے حق میں نہیں تھی، لیکن اس وقت میں نے قیادت کو قائل کیا تھا اور وفاداری کی ضمانت بھی دی تھی۔

انھوں نے کہا کہ دانیال عزیز نے تحریک انصاف کے چکر میں آکر ٹکٹ کے لیے درخواست نہیں دی، اور انھیں خوش کرنے کے لیے ہمارے خلاف پریس کانفرنس کی۔

احسن اقبال کا کہنا تھا کہ مہنگائی تو پی ٹی آئی کے آئی ایم ایف پروگرام نے کی تھی لیکن دانیال عزیز نے ن لیگ پر مہنگائی کا الزام لگایا اور مجھے ذمہ دار قرار دیا۔

یاد رہے گزشتہ دنوں احسن اقبال کیخلاف بیان دینے پر ن لیگ نے دانیال عزیز کو شوکاز نوٹس جاری کیا تھا۔

دانیال عزیز نے پارٹی کا شوکاز نوٹس مسترد کرتے ہوئے کہا تھا کہ سابق وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال معاشی خرابیوں کے ذمہ دار ہیں۔

Read Comments