Aaj Logo

اپ ڈیٹ 30 جنوری 2024 01:14pm

عمران خان اور شاہ محمود قریشی کو سزا، بیرسٹر گوہر کی کارکنان کو تحمل کی ہدایت

پی ٹی آئی رہنما بیرسٹر گوہر علی خان کا کہنا ہے کہ سزائے موت بھی سنا دیتے تو ہم تیار تھے، ہمارے کارکن پرامن ہیں۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر علی خان نے کہا کہ پوری قوم سے درخواست ہے تحمل اور برداشت رکھیں، یہ سزائے موت بھی سنا دیں تو ہائیکورٹ وہ ختم کر دے گی۔

بیرسٹر گوہر نے کہا کہ آئین اور قانونی طریقہ کار سے ہٹ کر کیسز کو چلایا جا رہا ہے، جج صاحب نے اپنی طرف سے سوالات کیے۔

بیرسٹر گوہر نے کہا کہ بنیادی حق سے محرومی پر کیس کا کیا فیصلہ آنا ہے پوری دنیا جانتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ تمام کارکنان تحمل کا مظاہرہ کریں، ہمیں سپریم کورٹ اور ہائیکورٹ پر اعتماد ہے، کوئی بھی فیصلہ ہونے پر کارکنان مشتعل نہ ہوں، کوئی قانون کو ہاتھ میں نہ لے، ایک کنکری تک بھی نہیں پھینکیں۔

بیرسٹر گوہر نے کہا کہ 8 فروری کو سب کا محاسبہ ہوگا، ہمیں عدالتوں سے انصاف ملے گا۔ یہ لوگ عمران خان کو مٹا رہے ہیں لیکن اللہ اپنے رحم و کرم اور عوام کے تعاون کے ساتھ مٹانے نہیں دے گا۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ اس سزا کے فیصلے کے خلاف اسلام آباد ہائیکورٹ درخواست دائر کریں گے، بانی پی ٹی آئی کو سزا کے خلاف پر امن احتجاج بھی کیا جائے گا۔

Read Comments