Aaj Logo

شائع 30 جنوری 2024 11:25pm

انڈر 19 ورلڈکپ: پاکستان نے آئرلینڈ کو 3 وکٹوں سے شکست دے دی

آئی سی سی انڈر 19 کرکٹ ورلڈ کپ کے سپر 6 مرحلے میں پاکستان نے آئرلینڈ کو 3 وکٹوں سے شکست دے دی۔

انڈر19ورلڈ کپ کرکٹ ٹورنامنٹ کا سپر 6 مرحلہ شروع ہو گیا اور گروپ اسٹیج میں مسلسل تین میچ جیتنے والی ٹیم پاکستان نے دوسرے مرحلے کے پہلے میچ میں آئرلینڈ کو 3 وکٹوں سے ہرا دیا۔

اس سے پہلے پوچسٹروم میں کھیلے گئے ورلڈ کپ کے میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر آئرلینڈ کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔

پاکستان کی شاندار بولنگ کی بدولت آئرلینڈ کی پوری ٹیم 49 ویں اوور میں 181 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی، جان مک نیلی 53 اور ہیری 31 رنز بناکر نمایاں رہے۔

گرین شرٹس کی جانب سے عبید شاہ نے 3، عامرحسن، علی رضا اور احمد حسن نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔

جواب میں 182 رنز کا ہدف پاکستان نے 44 ویں اوور میں 7 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا، احمد حسن نے 57 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔

اس کے علاوہ سعد بیگ اور ہارون ارشد نے 25 ، 25 رنز بنائے جبکہ اذان اویس 21 ، شاہ زیب خان 11، علی اسفند 9، شامل حسین 7 جبکہ عرفات منہاس 3 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

آئرلینڈ کی جانب سےہیری ڈائر نے 4 جبکہ روبن ولسن، اولیور رائلے اور جورڈن نیل نے 1،1 وکٹ حاصل کی۔

سپر 6 مرحلے میں پاکستان ٹیم اپنا دوسرا اور آخری میچ ہفتے کو بنگلادیش کے خلاف کھیلے گی، اس میچ میں کامیابی کی صورت میں قومی ٹیم سیمی فائنل میں پہنچ جائے گی۔

Read Comments