Aaj Logo

اپ ڈیٹ 06 فروری 2024 05:32pm

روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی قدر میں اضافہ

تبادلہ مارکیٹ میں کاروباری ہفتے کے پہلے روز پاکستانی روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی قدر میں اضافہ ہوگیا۔ دوسری طرف پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں مثبت رجحان دیکھا گیا۔

سال 2024 کے دوسرے مہینے میں کاروباری ہفتے کے پہلے روز ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں کمی آگئی۔

انٹربینک میں ڈالر کی قیمت میں 2 پیسے کا اضافہ ہوگیا۔

اسٹیٹ بینک کے مطابق انٹربینک میں ڈالر کا لین دین 279.42 روپے پر بند ہوا۔

گزشتہ کاروباری ہفتے کے اختتام پر ڈالر کی قیمت 279 روپے 40 پیسے پر بند ہوئی تھی۔

ڈالر کی قیمت گرنے کی پیشگوئی

چیئرمین پاکستان فاریکس ایکس چینج ایسوسی ایشن ملک بوستان نے ڈالر کی قیمت مزید گرنے کی پیشگوئی کرتے ہوئے ڈالر رکھنے والوں کو خبردار کردیا۔

ملک بوستان نے ہے کہ ڈالرز کی بڑی تعداد لاکرز میں رکھی گئی تھی اور بینکوں کا عملہ بلیک مارکیٹنگ میں ملوث افراد کے ساتھ مل کر یہ ڈالرز حوالہ اور ہْنڈی میں استعمال کرتے تھے اگر بلیک مارکیٹنگ میں ملوث افراد کیخلاف کارروائی جاری رہی تو ڈالر 250 روپے سے نیچے آجائے گا۔

واضح رہے کہ گزشتہ سال ستمبر میں انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر 307 روپے کی سطح پر پہنچ گیا تھا تاہم نگراں حکومت کی جانب سے کریک ڈاؤن کے بعد ڈالر کی قدر میں کمی کا سلسلہ جاری ہے اور ستمبر سے ابتک ڈالر کی قدر میں مجموعی طور پر تقریباً 28 روپے کی کمی دیکھی گئی ہے۔

پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں کاروبار میں تیزی

دوسری جانب پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں کاروبار میں تیزی دیکھی گئی اور کاروبار کا مثبت آغاز ہوا۔

پاکستان اسٹاک ایکسچینج کے 100 انڈیکس میں 796 پوائنٹس کا اضافہ ہوا جس کے بعد انڈیکس 63 ہزار 799 پوائنٹس پر بند ہوا۔

Read Comments