Aaj Logo

شائع 16 فروری 2024 02:59pm

شاپنگ مال آتشزدگی کیس: سندھ ہائیکورٹ کا کراچی کے تمام مالز کے معائنے کا حکم

کراچی میں راشد منہاس روڈ پر واقع شاپنگ مال آتشزدگی کیس سندھ ہائیکورٹ نے کراچی کے تمام شاپنگ مالز کے معائنے کا حکم دیتے ہوئے اپنے تحریری حکم نامے میں کہا کہ گرفتار ملزمان کو مقدمہ میں پھنسایا جارہا ہے جبکہ اصل ملزمان کو بچانے کی کوشش کی جارہی ہے۔

سندھ ہائیکورٹ میں کراچی میں آر جے شاپنگ مال آتشزدگی کیس کی سماعت ہوئی، عدالت نے تحریری حکم نامہ جاری کردیا۔

دوران سماعت عدالت نے ریمارکس دیے کہ گرفتار ملزمان کو مقدمہ میں پھنسایا جارہا ہے جبکہ اصل ملزمان کو بچانے کی کوشش کی جارہی ہے۔

سندھ ہائیکورٹ نے مذکورہ کیس میں اپنے جاری کردہ تحریری حکم نامے میں کیس کے تفتیشی افسر شریف میو سے تفتیش واپس لینے کا بھی حکم دیتے ہوئے کہا ہے کہ شاپنگ مال آتشزدگی کیس کی تفتیش ایس ایس پی سطح کے افسر کو دی جائے۔

سندھ ہائیکورٹ نے کراچی بھر کے شاپنگ مالز کے معائنے کا حکم دیتے ہوئے کہا ہے کہ حالیہ کچھ عرصے میں کراچی کے کئی شاپنگ مالز سمیت تجارتی عمارتوں میں حفاظتی انتظامات نہ ہونے کے باعث آتشزدگی کے واقعات رونما ہوچکے ہیں۔

عدالت عالیہ نے اپنے حکم نامے میں کہا ہے کہ شاپنگ مال میں صبح 7 بجے آگ لگی تھی اگر شام کو لگتی تو زیادہ تباہی ہوتی، تمام شاپنگ مالز کی انسپیکشن حفاظتی انتظامات کا جائزہ لے کر سرٹفکیٹ جاری کیا جائے۔

سندھ ہائیکورٹ نے 7 ملزمان کی ضمانت منظور کرتے ہوئے انہیں ایک ایک لاکھ روپے مچلکے جمع کرانے کا حکم دے دیا۔

مزید پڑھیں

آر جے مال آتشزدگی: تحقیقاتی رپورٹ میں اہم انکشافات، نقصان کا ذمہ دارکون ہے؟

کراچی کے آر جے مال میں آگ کب اور کیسے لگی، سی سی ٹی وی فوٹیج سامنےآگئی

’دُکاندار نہیں مانا اور آگ لگ گئی‘ ، عرشی مال کا متاثرہ تاجر حکومتیامداد کا منتظر

واضح رہے کہ کراچی کی راشد منہاس روڈ پر واقع آر جے شاپنگ مال میں آتشزدگی کے واقعہ میں 11 افراد ہلاک ہوگئے تھے، اس واقعہ پر پولیس کی مرتب کردہ تحقیقاتی رپورٹ کے مطابق نقصان کی ذمہ داری بلڈنگ کے مالک، انتظامیہ اور اے اینڈ آئی فاؤنڈیشن پر عائد کرتے ہوئے ان کے خلاف قانونی چارہ جوئی کی سفارش کی گئی تھی۔

Read Comments