Aaj Logo

شائع 23 فروری 2024 09:07pm

مساجد میں افطار پر پابندی

سعودی عرب میں حکام نے رمضان المبارک کے دوران مساجد کے اندر افطار کرانے پر پابندی عائد کردی ہے۔

یہ اقدامات سعودی وزارت اسلامی امور کی جانب سے رمضان المبارک سے متعلق اقدامات کا حصہ ہیں۔

وزارت نے مساجد کو صاف ستھرا رکھنے کے لیے ان کے اندر افطاری پر پابندی عائد کردی اور ہدایت کی کہ ضیافتیں صحن میں مخصوص جگہ پر منعقد کی جائیں۔

سعودی حکومت نے ہدایات نامہ کے ذریعے مساجد کے اماموں کو ماہ صیام کے دوران نمازیوں کو افطار پیش کرنے کے لئے عطیات جمع کرنے سے بھی روک دیا ہے۔

مزید برآں مساجد کے اندر کیمروں کے استعمال پر بھی پابندی ہوگی تاکہ نماز کے دوران امام یا نمازیوں کی ویڈیو نہ بنائی جا سکے جبکہ مختلف ذرائع ابلاغ کے ذریعے نماز کی نشریات دکھانے پر بھی پابندی ہوگی۔

اس کے علاوہ آئمہ کرام پر زور دیا گیا کہ وہ نماز تراویح کو طول دینے سے گریز کریں اور نمازیوں کو فائدہ مند خطبات دیں، خاص طور پر رمضان کے مقدس مہینے کے روزے اور فضیلت پر روشنی ڈالی جائے۔

Read Comments